افتتاح بُخاری شریف بزبان مفتی نظام الدین رضوی


افتتاح بُخاری شریف

سراج الفقہا، محقق مسائلِ جدیدہ مفتی نظام الدین رضوی مصباحی

از قلم :اسلم ساقی مصباحی
  جماعتِ فضیلت

سراج الفقہاء حضور مفتی نظام الدین رضوی مصباحی دام ظلہ العالی کی شخصیت کتنی عظیم اور شہرہ آفاق ہے یہ محتاجِ بیان نہیں۔ دنیائے علم و فن کا شاید ہی کوئی ایسا فرد ہو جو مفتی صاحب کی عالمانہ شخصیت سے نا آشنا ہو۔ حضرت موصوف اپنی فقہی بصیرت، تبحر علمی، قوت ضبط و استحضار، جزئیات پر گہری نظر، دور اندیشی اور ژرف نگاہی میں اپنی مثال نہیں رکھتے۔ دور حاضر میں آپ کا فقہی جمال ذُروۂ کمال کو پہنچا ہوا ہے۔ آپ نے موجودہ زمانے کے ان گنت پیچیدہ مسائل کا قرآن و حدیث کی روشنی میں حل پیش کر کے اُمتِ مسلمہ پر احسان عظیم فرمایا۔ یہی وجہ کہ علمائے اہلسنت و جماعت نے آپ کو "محقق مسائل جدیدہ" کا عظیم الشان اور پر جلال لقب سے نوازا۔ 


آج اسی یکتائے روزگار شخصیت کی درسگاہ میں زانوئے تلمذ طے کرنے کا شرف و اعزاز حاصل کیا۔ اور انہی کی زبانِ فیض ترجمان سے وہ مایہ ناز کتاب، جس کے "اصح الکتب بعد کتاب اللہ" ہونے میں کوئی التباس نہیں، یعنی بُخاری شریف کا آغاز کیا۔ اس سے پیشتر موصوف کے اندازِ تدریس و افہام نکات کے چرچے ہم نے سن رکھا تھا۔ لیکن آج اُن کا بنفس نفیس مشاہدہ کیا۔ 


دورانِ درسِ بُخاری ہم نے طلبہ میں وہ محویت دیکھی جو شاید ہی کبھی دیکھی ہو۔ یقیناً درس گاہ میں ایک روحانی فضا قائم تھی۔ جس کا احساس اہل نظر اور حساس افراد کو ضرور ہوا ہوگا۔ مانو وہ درخشاں تصویر سامنے جلوہ افروز تھی جو ہماری ذہنی قوت ہمارے تصورات کی دنیا میں اُس وقت کریٹ کرتی ہے جب ہم اپنے اکابر ائمہ کے احوالِ درس و تدریس کتابوں میں پڑھتے ہیں۔ کہ ایک وقت کا امام مسندِ تدریس پر جلوہ بار ہے، اور ارد گرد طلبہ کا ہجوم اکٹھا ہے، جو کمال انہماک کے ساتھ اپنے شیخ کے گہربار تکلم کو سماعت کر رہا ہے۔ اور شیخ کی زبانِ حق بیان سے نکلی ہوئی کرنوں کو لوحِ قلب پر جذب کر رہا ہے۔


آج اگر ہم اس لمحہء حسین کو اپنے لیے معراجِ حیات سمجھیں تو یہ ہماری خوش نصیبی اور اقبال مندی ہوگی، کہ ہم نے ایک مایہ ناز اور انتہائی بلند رتبہ کتاب کا افتتاح ایک فقیہ بلند پایہ کی زبانِ حق بیان سے کیا۔ یہ لمحہ ہماری کتاب زیست کے روشن باب کی طرح تا حین حیات چمکتا اور دمکتا رہے گا۔

اللہ ہمیں اس علمی راہ میں استقامت اور مستقل مزاجی عطا فرمائے۔ اور اپنے اسباق خوب سمجھنے کی توفیق بخشے۔ اور ہم سب پر مفتی صاحب قبلہ کا فقہی فیضان جاری رکھے۔

-----------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

مزید پڑھیں 👇🏻 

فارغین جامعہ اشرفیہ کا افسردہ دل

👇🏻نیز

خاموش لب، چیختا دل


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.