بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

میدانِ جنگ میں مسلم خواتین کی استقامت و شجاعت |


میدانِ جنگ میں مسلم خواتین کی استقامت و شجاعت


از قلم: محمد کونین صدیقی مصباحی


عہدِ نبوی ﷺ سے لے کر بعد کے ادوار تک خواتینِ اسلام کی بے شمار ایسی عظیم شخصیات تاریخ کے اوراق میں ثبت ہیں، جنھوں نے گھریلو ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی نبھانے کے ساتھ اپنی عزت و ناموس کی حفاظت بھی کی، اور بوقتِ ضرورت میدانِ کارزار میں قدم رکھ کر اپنی بہادری و جانبازی کے جوہر دکھائیں، دینِ اسلام کی سربلندی، رسول اللہ ﷺ کی نصرت و حفاظت، زخمی مجاہدین کی تیمارداری اور پیاسوں کو سیراب کرنے جیسے عظیم کارنامے انجام دیں، انھوں نے اپنی جرأت و بہادری سے مردانِ میدان کی غیرت و حمیت کو بھی مہمیز دی اور تاریخ میں لازوال نقوش ثبت کیں، مجروحین کا علاج معالجہ اور ضرورت کے پیش نظر دشمنوں کے مقابلے میں پائیداری کے ساتھ یادگار خدمات انجام دیا، یہ خواتین اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ عورت بظاہر نازک کلی سہی، لیکن عزم و استقلال کے میدان میں چٹان کی طرح ثابت قدم رہ سکتی ہیں۔
ان جری اور اولوالعزم خواتین میں سرِفہرست حضرت ام عمارہ، نسیبہ بنت کعب رضی اللہ عنہا کا اسمِ گرامی نمایاں ہے، غزوۂ احد کے نازک ترین لمحات میں جب مسلمانوں کی صفوں میں انتشار پیدا ہوا تو حضرت ام عمارہ رضی اللہ عنہا نے پانی پلانے کی ذمہ داری چھوڑ کر تلوار و ڈھال سنبھال لی اور جان کی بازی لگا کر رسول اللہ ﷺ کے دفاع میں مصروف ہوگئیں اور مشہور شجاع ابن قمئہ کو جہنم رسید کیا، جن کی بہادری و جاں بازی کی درخشندہ ستارے کو حضور ﷺ نے آشکار کیا، اور فرمایا احد کے معرکہ میں میرے گرد نسیبہ تھی، افضل الرسل کی پاک زبان اصدق سے اس قدر تعریفات سے لبریز کلمات کہنا ہی ام عمارہ کی خصوصیات کو ظاہر کرتا ہے، ام عمارہ نے کئی جنگوں میں مشترکہ طور پر شامل ہوئی۔
اسی طرح رسول اللہ ﷺ کی پھوپھی حضرت صفیہ بنت عبدالمطلب رضی اللہ عنہا بھی غیر معمولی جرأت و بہادری کی مالک تھیں، چنانچہ غزوۂ خندق کے موقع پر جب رسول اللہ ﷺ نے خواتین کو ایک محفوظ قلعے میں ٹھہرایا ہوا تھا، اسی دوران ایک یہودی نے قلعے کے قریب پہنچ کر اندر موجود خواتین کی صورتِ حال معلوم کرنے کی کوشش کی، حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا نے اس کی مشکوک حرکات کو بھانپ لیا اور جب محسوس کیا کہ وہ حملے کی نیت سے آیا ہے تو غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود اس کا مقابلہ کیا اور اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، یہ منظر دیکھ کر دشمنوں کے حوصلے پست ہوگئے اور انھوں نے یہ گمان کیا کہ اس قلعے کی حفاظت کے لیے بھی مسلمان مرد موجود ہیں۔
علاوہ ازیں، جب رسول اللہ ﷺ اپنے رفیقِ غار حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ہمراہ غارِ ثور میں پناہ گزیں تھے اور قرآنِ کریم کے الفاظ "لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللّٰهَ مَعَنَا" کی عملی تصویر بنے ہوئے تھے، اس نازک موقع پر حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما نے بے مثال جرأت و وفاداری کا مظاہرہ کیا، اور ایسے پُرآشوب حالات میں رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے لیے کھانے پینے کا انتظام کرنے والی نڈر خاتون حضرت اسماء بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہما تاریخِ اسلام کی ایک روشن مثال ہیں، حضرت اسما رضی اللہ عنھا نے مسلسل تین راتوں تک جان جوکھم میں ڈال کر غارِ ثور میں کھانے پینے کا سامان پہنچایا، نیز سفرِ ہجرت کے لیے زادِ راہ تیار کرنے اور اسے باندھنے کا انتظام بھی کیا، اس قدر بے باک بہادری جسے زبان بیان کرنے سے قاصر ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ایسے اسلامی سپہ سالار اور مستقبل کے خلیفہ حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو پیدا کیا جنھوں نے مکہ معظمہ اور مذہب اسلام کی محافظت کی۔
مزید برآں، ایک ایسی باہمت خاتون کا تذکرہ بھی ملتا ہے جن کی اپنے والد اور بھائی سے محبت و وابستگی بے مثال تھی، عرب روایات میں انہیں ایک شیر دل اور نڈر خاتون کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جن کی شجاعت کو حضرت خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کی جنگی مہارت سے تشبیہ دی جاتی ہے، جن کا نام "حضرت خولہ بنت ازور رضی اللہ عنہا" ہے، جن کے والد حضور ﷺ کے سامنے جام شہادت نوش فرمائے، یہی ولولہ انگیز فکر ان کے بیٹے ضرار اور ان کی بیٹی خولہ میں بھی تھی اور ہمہ وقت کوشاں رہتے تھے کہ شہادت کا پروانہ ان کا مقدر ہو، اس خاتون نے ملک شام و عراق اور روم کے بڑے بڑے معرکہ میں سب کے حواس باختہ کر دیے، اور جنگی کارکردگی دیکھ کر لوگ کہتے تھے کہ یہ ملبوسہ شخص کون ہیں؟ جب معلوم ہوا کہ یہ خولہ بنت ازور رضی اللہ عنھا ہیں تو سب دنگ رہ گئے۔
اور ایک ایسی ہونہار بیوی تیر انداز نئی نویلی دلہن جو اپنے شوہر نامدار کے موت کا انتقام لیے بغیر نہ رہ سکی، جن کا نکاح جنگ اجنادین جو مسلمانوں اور بازنطینیوں کے درمیان 13 ہجری کو پہلی جنگ عظیم لڑی گئی اسی دوران نکاح ہوا تھا، اور اگلے مہینے میں محاصرہ دمشق کے موقع پر توما نے ام ابان کی جان، مرجع قلب حضرت ابان بن سعید رضی اللہ عنہ کو شہید کر دیا، اسی غم و فرقت اور استقلال میں بجائے سوگ منانے کے انتقام کی آگ میں توما سے بدلہ لینے کے غرض سے توما کی آنکھ میں تیر پیوست کرکے اس کو کیفرِ کردار تک پہنچایا۔
مذہب اسلام کی پہلی شہید جن کے دل میں ایمان کی حلاوت مستقر ہو گئی، ایسی دلیر شجاع خاتون حضرت سمیہ بنت خباط رضی اللہ عنھا کی ذات ناپید ہے، جنھوں نے ابتدائے اسلام ہی میں ابوجہل جیسے سفاک ظالم کے سامنے کلمۂ حق پر استقامت کا مظاہرہ کیا، ابو جہل نے انہیں تپتی ریت پر لٹا کر اسلام چھوڑنے پر مجبور کیا، لیکن انہوں نے انکار کر دیا، بالآخر ابوجہل نے نیزے سے وار کرکے انھیں شہید کردیا، جس سے وہ شہید ہو گئیں، اس طرح وہ اسلام کی پہلی شہید مقرر پائی۔
صرف لڑائی ہی نہیں بلکہ مجروحین کا طبیبہ معالج اور جراح (سرجن) کے لیے مسجد نبوی کے احاطے میں "خیمہ ہسپتال" بنانے والی، جنھوں نے اپنے والد سعد الاسلمی سے فن طب و جراحت کی تعلیم لیا جو خود بڑے طبیب تھے، سب سے پہلی نرس خاتون بنی جن کا نام حضرت رفیدہ اسلمہ رضی اللہ عنھا ہے، انھوں نے بہت سے معرکوں میں حاضر ہوکر زخمی سپہ سالار کو اچھا کیا، غزوۂ خندق کے موقع پر جب حضرت سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ زخمی ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے انھیں حضرت رفیدہ رضی اللہ عنہا کے خیمے میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔
عہدِ خلافتِ فاروقی میں حضرت شفا بنت عبداللہ رضی اللہ عنہا کی علمی و سماجی خدمات کی وجہ سے بازار کا مفتش بنایا اور خوب صورت نظام بنایا اور عربوں کے اشیا کو دور دراز تک فروغ ملا، جو طب کی ماہر بھی تھیں اور دور جاہلیت کے جو چند پڑھے لکھے لوگ تھے حضرت شفا رضی اللہ عنھا انھیں میں سے تھیں۔
الغرض! تاریخِ اسلام میں ایسی لاتعداد نفوسِ قدسیہ موجود ہیں جن کی شجاعت و استقامت کے واقعات اس مختصر مضمون سے میں سمیٹنے سے قاصر ہوں، ان میں سے بہت سی مجاہدات کا تذکرہ طوالت کے خوف سے قلم بند نہیں کیا جاسکا، عورت اگرچہ بظاہر نازک اندام ہوتی ہیں، لیکن جب اس کے دل میں ایمان کی حرارت، عزم و استقلال کی قوت اور دین کی محبت موجزن ہو تو وہ بڑے سے بڑے طوفان کے سامنے بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہوسکتی ہیں، اور ان کی آغوش میں پرورش پانے والی نسلوں کے عزائم کس قدر بلند اور حوصلے کتنے مستحکم ہوں گے۔
اللہ اکبر!!!!

0 Response to "میدانِ جنگ میں مسلم خواتین کی استقامت و شجاعت |"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->