امام نسائی رحمہ الله کے نزدیک " لیس بثقة " راوی سے اپنی سنن میں روایات لینے کے بارے میں منھج و اسلوب۔
Friday, 6 November 2026
Add Comment
امام نسائی رحمہ الله کے نزدیک " لیس بثقة " راوی سے اپنی سنن میں روایات لینے کے بارے میں منھج و اسلوب ۔۔۔!!!
✍🏻: محمد ارسل
امام نسائی رحمہ الله کا قول: «ليس بثقة» ایسے راوی کے بارے میں نہیں ہو سکتا جس کی روایت آپ نے اپنی سنن میں درج کی ہو، حافظ شمس الدین ذہبی رحمہ الله نے أبو صالح باذام، مولیٰ ام ہانی، کے ترجمے میں امام نسائی رحمہ الله کا یہ قول نقل کیا ہے کہ وہ «ليس بثقة» (ثقہ نہیں ہیں)، پھر حافظ ذہبی رحمه الله نے اس عبارت پر تنبیہ کرتے ہوئے فرمایا:
وقال النسائي ليس بثقة كذا عندي وصوابه بقوي فكأنها تصفحت فإن النسائي لا يقول ليس بثقة في رجل مخرج في كتابه
امام نسائی رحمہ الله نے کہا ہے کہ وہ "ثقہ نہیں ہیں"، میرے پاس موجود نسخے میں یہی الفاظ ہیں، لیکن درست لفظ «بقوي» (قوی نہیں ہیں) ہے، غالباً اس عبارت میں تصحیف ہو گئی ہے کیونکہ امام نسائی رحمہ الله کسی ایسے راوی کے بارے میں «ليس بثقة» نہیں کہتے جس کی روایت انہوں نے اپنی کتاب (سنن نسائی) میں درج کی ہو ۔۔۔ [ سیر أعلام النبلاء - (5/395) -!ط: دار الحدیث القاھرۃ ]
لیکن أبو صالح باذام سے امام نسائی رحمہ الله نے اپنی سنن میں روایات لی ہیں، حالانکہ امام نسائی کا منھج تو یہ ہے کہ وہ جس کے بارے میں لیس بثقة کہتے ہیں اس سے اپنی سنن میں روایات نہیں لیتے تو اس کے جواب میں حافظ ذھبی علیہ الرحمہ نے یہ وجہ بتائی کہ أبو صالح کے بارے میں امام نسائی رحمہ الله کا درست قول لیس بقوی والا ہے، لیس بثقة تصحیف کر کے لکھا گیا، اور حافظ ذہبی رحمہ الله نے امام نسائی رحمہ الله کے حوالے سے جو توجیہ ذکر کی ہے کہ وہ لیس بثقة جس راوی کے بارے میں کہیں اس سے اپنی سنن روایات میں نہیں لیتے
اس توجیہ کی وجہ یہ ہے کہ امام نسائی رحمہ الله راویوں کے انتخاب میں سخت معیار اور نقدِ رواۃ میں شدت و تشدد کے حوالے سے معروف ہیں، وہ سخت ضعیف اور متروک قسم کے راویوں سے روایات نہیں لیتے جس پر ان کا خود اور دیگر آئمہ حدیث کا کلام دلالت کرتا ہے، اور لیس بثقة ضعفِ شدید پر دلالت کرتا ہے، اس وجہ سے وہ کسی ایسے راوی کے بارے میں لیس بثقة نہیں کہہ سکتے جس سے انہوں نے اپنی سنن میں روایات لی ہوں
لیس بثقہ ضعفِ شدید پر دلالت کرتا ہے، اس حوالے سے حافظ ابن حجر عسقلانی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:
لفظة ليس بثقة في الاصطلاح يوجب الضعف الشديد
اصطلاح میں «ليس بثقة» (وہ ثقہ نہیں ہے) کا لفظ شدید ضعف کا موجب ہے [ تھذیب التھذیب - (4/347) - ط: حیدرآباد الدکن الھند ]
شیخ عبد اللّٰه بن یوسف الجدیع حفظہ اللّٰه لیس بثقة کے تحت لکھتے ہیں:
هي عبارة جرح، قل أن تجدها مقولة في راو إلا وهو شديد الضعف: متروك الحديث، أو متهم بالكذب، أو كذاب معروف، خصوصا في كلام يحيى بن معين والنسائي وقد أكثر منها.
یہ جرح کی ایک عبارت ہے، آپ کو بہت کم ایسے راوی ملیں گے جن کے بارے میں یہ لفظ استعمال کیا گیا ہو، مگر وہ شدید ضعیف نہ ہوں یعنی وہ متروک الحدیث، متھم بالکذب، یا معروف کذاب ہوں، خصوصاً امام یحییٰ بن معین اور امام نسائی رحمہما الله کے کلام میں یہ لفظ بکثرت استعمال ہوا ہے ۔۔۔[ تحریر علوم الحدیث - (1/623) - ط: مؤسسة الریان بیروت ]
معلوم ہوا کہ لیس بثقة ضعف شدید پر دلالت کرتا ہے جس کی بنا پر امام نسائی رحمہ الله نے جس راوی کے بارے میں لیس بثقة کہا ہو اس سے اپنی سنن میں روایت نہیں لیتے (جیسا کہ حافظ ذھبی علیہ الرحمہ کے کلام سے معلوم ہوا) کیونکہ روایات لینے میں امام نسائی کا معیار بہت سخت تھا وہ ایسے متھم بالکذب متروک راویوں سے روایات نہیں لیتے تھے، اور تو اور راویوں کے بارے میں امام نسائی کا معیار امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللّٰه سے بھی زیادہ سخت تھا، جیسا کہ حافظ أبو الفضل محمد بن طاھر المقدسی علیہ الرحمہ (م 507ھ) فرماتے ہیں:
سألت الإمام أبا القاسم سعد بن علي الزنجاني بمكة عن حال رجل من الرواة، فوثقه، فقلت: إن أبا عبد الرحمن النسائي ضعفه، فقال: " يا بني، إن لأبي عبد الرحمن في الرجال شرطا أشد من شرط البخاري ومسلم
میں نے مکہ مکرمہ میں امام أبو القاسم سعد بن علی زنجانی رحمہ الله سے راویوں میں سے ایک شخص کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے اسے ثقہ قرار دیا، میں نے عرض کیا کہ امام أبو عبد الرحمن نسائی رحمہ الله نے اسے ضعیف قرار دیا ہے، تو انہوں نے فرمایا: اے میرے بیٹے! بے شک امام ابو عبد الرحمن نسائی رحمہ اللہ کے نزدیک راویوں کے بارے میں ایسی شرط ہے جو امام بخاری اور امام مسلم رحمہما اللہ کی شرط سے بھی زیادہ سخت ہے ۔۔۔۔ [ شروط الآئمة الستة - (ص: 26) - ط: العلمیة بیروت ]
حافظ ابن رجب الحنبلی رحمہ اللّٰه (م 795ھ) فرماتے ہیں:
وأما النسائي فشرطه أشد من ذلك، ولا يكاد يخرج لمن يغلب عليه الوهم، ولا لمن فحش خطؤه، وكثر
رہا امام نسائی رحمہ الله کا معاملہ، تو ان کی شرط اس سے بھی زیادہ سخت ہے، وہ عموماً ایسے راوی کی روایت اپنی کتاب میں درج نہیں کرتے جس پر وہم کا غلبہ ہو، اور نہ ہی ایسے راوی کی روایت درج کرتے ہیں جس کی غلطیاں بہت سنگین اور کثرت سے ہوں ۔۔۔ [ شرح علل الترمذی - (2/613) - ط: مکتبة المنار الأردن ]
اس کے علاوہ دیگر آئمہ کے بھی اقوال ہیں جو اس بات پر دلالت کرتے ہیں کہ امام نسائی رحمہ اللّٰه کی رواۃ سے روایات لینے میں معیار سخت ہے، اس وجہ سے وہ ایسے راویوں سے روایات نہیں لیتے جن کے بارے میں لیس بثقة کہا ہو، کیونکہ ایسا راوی امام نسائی رحمہ الله کے معیار پر نہیں اترتا، اور اگر کسی راوی کے بارے میں آپ علیہ الرحمہ نے لیس بثقة کہا ہو اور اس سے اپنی سنن میں روایات لی ہوں تو یہ درحقیقت لیس بثقة نہیں ہوگا بلکہ اس میں تصحیف ہوئی ہو گی اصل میں لیس بالقوی ہو گا جیسا کہ آپ علیہ الرحمہ نے اسامہ بن زید اللیثی کے بارے الضعفاء والمتروکین میں لیس بثقة کہا حالانکہ آپ نے اس سے اپنی سنن میں روایات لی ہیں ، لیکن یہ درحقیقت لیس بالقوی ہے کیونکہ جب امام نسائی رحمہ اللہ سے امام ابن عدی اور امام دار قطنی علیہما الرحمہ اور دیگر محدثین نے اسامہ بن زید کے بارے میں قول نقل کیا تو لیس بالقوی کہا نہ کہ لیس بثقة، جو اس بات پر دال ہے کہ اس راوی کے بارے میں الضعفاء والمتروکین میں بعد میں تصحیف ہوئی جس کی بنا پر یہ لیس بثقة سے لیس بالقوی بن گیا [ سؤالات أبي عبدالله بن بكير وغيره لأبي الحسن الدارقطني - (ص: 26) - ط: دار عمار الأردن ] [ الکامل لإبن عدی - (2/77) - ط: الکتب العلمیة بیروت ]
اس کے علاوہ الضعفاء والمتروکین کے بغیر تصحیف والے نسخوں میں لیس بالقوی ہی ہے، جس کی صراحت محققین نے کی ہوئی ہے لہذا اگر کسی راوی کے بارے میں امام نسائی رحمہ الله نے لیس بثقة کہا ہو اور اپنی سنن میں بھی اس سے روایت لی ہو تو لازما اس راوی کے ترجمے میں تصحیف واقع ہوئی ہو گی جو کہ بعد از تحقیق معلوم ہو جائے گا، اللہ پاک ہمیں مناھجِ محدثین کا فہم عطا فرمائے آمین ۔۔۔
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "امام نسائی رحمہ الله کے نزدیک " لیس بثقة " راوی سے اپنی سنن میں روایات لینے کے بارے میں منھج و اسلوب۔"
Post a Comment