شان اولیاء کرام قران و حدیث کی روشنی میں
Sunday, 18 October 2026
Add Comment
"شان اولیاء کرام قران و حدیث کی روشنی میں"
از قلم: محمد نوید قادری مصباحی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الحمد للہ رب العالمین، والصلاۃ والسلام علیٰ سید المرسلین، خاتم النبیین، شفیع المذنبین، رحمت للعالمین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ، وعلیٰ آلہ واصحابہ اجمعین۔
أما بعد!
اللہ رب العزت قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
ألا إنّ أولياء الله لا خوف عليهم ولا هم يحزنون الذين اٰمنوا وكانوا يتقون
. ترجمہ سن لو بے شک اللہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے وہ جو ایمان لائے اور ڈرتے رہے
:شاعر کہتا ہے
رسائی اہل دل کی ہے جہاں تک
خرد والے نہ پہنچیں گے وہاں تک
. تمہید: حضرات محترم! اس دنیا کا عجب حال ہے جس طرف دیکھیے خوف ہی خوف کا عالم ہے اور ہر طرف ڈر ہی ڈر کا دور دورہ ہے اونچے اونچے سر بفلک پہاڑ سینا تانے کھڑے ہیں اور اپنی پائیداری پر نازاں ہیں مگر ہمہ وقت خوف و دہشت سے لرزاں ہیں کہ کہیں سے کوئی سنگ تراش نہ آرہا ہو،ہرے بھرے تناور درخت اپنے پھلوں اور پھولوں کی رعنائیوں کے ساتھ شاداب و شادماں ہیں مگر ان کا پتہ پتہ خوف زدہ ہے کہ کوئی کلہاڑی والا نہ آرہا ہو زمین پر لہلہاتی ہوئی گھاس لرزہ بر اندام ہے کہ کہیں کوئی چوپایا نہ آرہا ہو اور چوپایا اس خوف سے بھاگا پھر رہا ہے کہ کہیں بسم اللہ اللہ اکبر پڑھنے والا نہ آرہا ہو آفتاب پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے مگر اس خوف سے زرد ہو رہا ہے کہ کہیں گہن نہ لگ جائے ستارے ضرور مسکرا رہے ہیں مگر اس خوف سے کانپ رہے ہیں کہ صبح کی سپیدی نمودار نہ ہو جائے.
. اسی طرح کمزور طاقتور سے ڈر رہا ہے مزدور سرمایہ دار سے خوف کھا رہا ہے سرمایہ دار انکم ٹیکس آفیسر سے کانپ رہا ہے مجرم پولیس سے ٹھرا ہے رہا اور پولیس والے اپنے اوپر والے سے ڈر رہا ہے.
. الغرض اس دنیا میں جمادات ہو یا نباتات حیوانات ہو یا فضائی کائنات عالم اعلی ہو یا عالم اسفل زمین سے آسمان تک خوف ہی خوف کا راج اور ڈر ہی ڈر کا ماحول ہے مگر اس خوف و ہراس سے بھری دنیا میں اسی زمین و آسمان کے درمیان خدا کی ایک ایسی مخلوق بھی آباد ہے جس کو کسی چیز کا خوف و ڈر نہیں اور نہ وہ کسی چیز سے رنجیدہ و غم زدہ ہیں انھیں صرف خدا کا خوف ہے اور ساری خدائی ان سے خوف زدہ ہے آپ کہیں گے کہ ساری خدائی سے نڈر اور صرف خدا سے ڈرنے والے کون ہیں ان کا نام کیا ہے تو سنیے ان کا نام اولیاء اللہ ہے یہ خدا کے نیک بندے ہوتے ہیں جن کے بارے میں رب کائنات ارشاد فرماتا ہے (الا ان اولياء الله لا خوف عليهم ولا هم يحزنون الذين امنوا وكانوا يتقون لهم البشرى في الحياه الدنيا وفي الاخره) سورہ یونس 62، 63 ،64،۔ترجمہ :سن لو بے شک اللہ کے ولیوں پر نہ کچھ خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے وہ جو ایمان لائے اور اللہ سے ڈرتے رہے ان کے لیے خوشخبری ہے دنیا کی زندگی میں اور آخرت میں۔
تفسیر: لفظ ولی ولاء سے بنا ہے جس کا معنی قرب اور فتح و نصرت کے ہے،
. ولی کی تعریف: ولی وہ ہے جو فرائض کی ادائیگی سے اللہ کا قرب حاصل کرے اور اطاعت الہی میں مشغول رہے اس کا دل تجلی الہی کی معرفت میں مستغرق ہو جب دیکھے تو قدرت الہی کے دلائل کو دیکھے جب سنے تو آیات الہی کو ہی سنے جب بولے تو اپنے رب کی ثناہی کے ساتھ بولے حرکت کرے تو اطاعت الہی میں حرکت کرے کوشش کرے تو اس کام میں کوشش کرے جو قرب الہی کا ذریعہ ہو نہ ذکر الہی سے تھکے اور نہ چشم دل سے خدا کے سوا غیر کو دیکھے یہ صفت اولیاء کی ہے جب بندہ اس حال پر پہنچتا ہے تو اللہ اس کا ولی،ناصر اور معین و مددگار ہوتا ہے (صراط الجنان)
. علما نے ولی اللہ کی کثیر علامات بیان فرمائیں ہیں جیسے علمائے متکلمین کہتے ہیں کہ ولی وہ ہےجو صحیح اور دلیل پر مبنی اعتقاد رکھتا ہو اور شریعت کے مطابق نیک عمل کرتا ہو،
علمائے عارفین میں سے بعض فرماتے ہیں کہ ولایت قرب الہی اور ہمیشہ یاد الہی میں مشغول رہنے کا نام ہے جب بندہ اس مقام پر پہنچتا ہے تو اس کو کسی چیز کا خوف نہیں رہتا اور نہ کسی کے فوت ہونے کا غم،
حضرت عبداللہ ابن عباس فرماتے ہیں کہ ولی وہ ہے جس کو دیکھنے سے خدا یاد آئے،
حضور صدر الافاضل نعیم الدین مراد ابادی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ یہ معانی اور عبارات اگرچہ جداگانہ ہے لیکن ان میں اختلاف کچھ بھی نہیں کیونکہ ہر ایک عبارت میں ولی کی ایک ایک صفات بیان کر دی گئی ہے جسے قرب الہی حاصل ہوتا ہے یہ تمام صفات اس میں ہوتے ہیں ولایت کے درجے اور مراتب میں ہر ایک اپنے درجے کے بقدر فضل و شرف رکھتا ہے،
رب العالمین نے ارشاد فرمایا: لا خوف ولا هم يحزنون(انہیں کچھ خوف نہ ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے) اس سے مراد کیا ہے مفسرین کے چند اقوال ہیں ان میں سے تین درج ذیل ہیں،
1. مستقبل میں انہیں عذاب کا خوف نہ ہوگا اور نہ موت کے وقت وہ غمگین ہوں گے،
2. مستقبل میں انہیں کسی ناپسندیدہ چیز میں مبتلا ہونے کا خوف نہ ہوگا اور نہ ماضی و حال میں کسی پسندیدہ چیز کے چھوٹنے پر غمگین ہوں گے،
3. قیامت کے دن ان پر کوئی خوف نہ ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں کیونکہ باری تعالی نے دنیا میں اپنے ولیوں کو ان چیزوں سے محفوظ فرما دیا ہے جو آخرت میں غم و خوف کا باعث بنتی ہے ،
آگے ارشاد باری ہے : الذين امنوا وكانوا يتقون(کہ ولی وہ جو ایمان لائے اور اللہ سے ڈرتے رہے)
اس آیت میں ولی کی دو صفات بیان کی گئی ہیں ایک یہ کہ وہ ایمان کے ساتھ متصف ہو دوسری صفت یہ کہ وہ متقی ہو،
حضرت عبداللہ ابن زید فرماتے ہیں کہ ولی وہ ہے جو ایمان و تقوی کا جامع ہو،
ایمان کا مطلب یہ کہ وہ صحیح اعتقاد رکھتا ہوں جو دلیل قطعی پر مبنی ہو،
اور تقوی کا مفہوم یہ ہے کہ جن کاموں کے کرنے کا حکم ہو انہیں کرے اور جن کاموں سے منع کیا گیا ہے ان سے اجتناب کرے ساتھ ہی ساتھ ہر اس کام کو کرنے کی کوشش کرے جو رضائے الہی کا سبب ہو اور اس کام سے بچتا رہے جو اس سے دور کرنے والا ہو (صراط الجنان) جب بندہ اس منزل پر پہنچتا ہے تو اسے اللہ کا قرب حاصل ہو جاتا ہے اور انہیں کسی چیز کا خوف و غم نہیں ہوتا بلکہ جو چیز اولیاء کرام سے قریب ہو جاتی ہے ان کے دلوں سے بھی خوف و ڈر جاتا رہتا ہے جیسا کہ حضرت رابعہ بصریہ کی بکریاں شیروں کے ساتھ پنگھٹ اور چشمے میں پانی پیتی تھیں،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ شیر بکریوں کو پھاڑ ڈالتا
اور بکریاں ان سے خوف زدہ ہوتیں مگر ایسا کچھ نہیں ہوا خشیت الہی کے صحیح مفہوم سے ناواقف و نا آشنا لوگ حیرت زدہ ہو کر حضرت رابعہ بصریہ سے دریافت کیا کہ آپ کی بکریاں شیروں سے کب سے دوستی کر لی تو آپ نے جواب دیا کہ جب سے رابعیہ نے خدا سے دوستی کر لی (خطبات نظامی)
آئیے اولیاء کرام کی شان میں مذکور آیت کی ترتیب میں ذرا غور و فکر کریں،
ایک نکتہ : عام اصول و ضابطہ یہ ہے کہ پہلے کسی شے کی تعریف کی جاتی ہے پھر اس کے احکام یا محاسن و فضائل بیان کیے جاتے ہیں مگر قرآن نے یہاں ترتیب بدل دی،ہونا یہ چاہیے تھا کہ پہلے ولی کی تعریف بیان کی جاتی پھر ان کے محاسن اوصاف لیکن آیت میں پہلے ان کے علوئے درجات و مراتب کی فوقیت و برتری کا اعلان و اظہار ہو رہا ہے کہ وہ ہیں کہ انھیں کسی شے سے خوف و ملال نہیں ہوتا یہ ولی کی تعریف نہیں ہے بلکہ عام انسانوں سے ان کی جداگانہ حیثیت کا اعتراف اور اس کا اظہار ہے اس کے بعد کے ٹکڑے میں ان کی تعریف ہے کہ وہ لوگ جو ایمان لائے اور تقوی اختیار کیا" حضرات آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ایسا کیوں ہے تو آپ کو بتاتا چلوں کہ قرآن کی ترتیب بے معنی نہیں ہوتی بلکہ اس میں بھی بھرپور معنویت ہوتی ہے یہاں ترتیب بدلنے کا فائدہ یہ ہے کہ جب قرآن یہ کہے گا کہ یہ وہ مقدس جماعت ہے جس پر سے غم اور ملال اٹھا لیا گیا ہے تو انسانیت کے کان کھڑے ہو جائیں گے کہ پوری دنیائے اسلام خوف اور امید کے درمیان ہے الایمان بین الخوف و الرجا مگر وہ کون سے مقبول و محبوب بندے ہیں جن سے خوف و ملال اٹھا کے عام لوگوں سے مستثنی کر دیا گیا ہے،
ترتیب بدل دینے کی وجہ سے شوق پیدا ہوگا لپک پیدا ہوگی رغبت اور چاہت ہوگی لہذا پروردگار عالم عام بندوں کو اپنے محبوبوں کے ذکر اور ان کی یاد کی طرف شوق دلانا چاہتا ہے کہ دل کی تڑپ اور ذہن و فکر کے جھکاؤ کے ساتھ ان کی طرف دوڑو اور ان کا ذکر سنو بے دل اور بے رخی سے نہیں بلکہ وارفتگی اور شوق سے ان کی بارگاہ کرم تک پہنچو ،
حرف تنبیہ سے ابتدا کیوں؟
ایک تمثیل: اپ نے دیکھا ہوگا بجلی کے کھمبوں پر ایک لال تختی لگی ہوتی ہے اور اس پر لکھا ہوتا ہے ہوشیار ساودھان خبردار خطرہ ہے یعنی اے راستہ چلنے والو اے لوگو بجلی کے کرنٹ سے اندھیرے گھر کو روشن رکھنا مگر اس سے ٹکرانے کی کوشش نہ کرنا کہ یہ عام کھمبوں کی طرح نہیں ہے اس کے اوپر بجلی کا تار ہے اور تار میں بجلی کا کرنٹ ہے اس سے ٹکرانے کی کوشش کرو گے ہلاک ہو جاؤ گے بلا تمثیل رب ذوالجلال نے اپنے مخصوص بندے اولیاء کرام کا تعارف حرف تنبیہ اور حرف تاکید ان شروع میں لا کر اشارہ فرما دیا کہ میرے اولیاء سے دل کے اندھیرے گھر کو روشن رکھنا اور ان کے فیض باطنی سے مستفیض اور مستنیر ہونا مگر ان سے ٹکرانے کی کوشش نہ کرنا اس لیے کہ یہ عام لوگوں کی طرح نہیں ہے ان میں مدینہ کے ہائی پاور ہاؤس کا ایمانی کرنٹ رواں دواں ہے ان سے الجھنے کی کوشش کرو گے تو ہلاک ہو جاؤ گے بجلی کے کھمبوں سے ٹکرانے میں جسم و جان کا خطرہ ہے اور ولی اللہ سے ٹکرانے میں اذعان و ایمان کا خطرہ ہے ،
شاعر کہتا ہے:
رسائی اہل دل کی ہے جہاں تک
خرد والے نہ پہنچیں گے وہاں تک
ولی اللہ بے شک شان مظہر الہی ہیں جو ان کے منہ سے نکلے فرمانے الہی ہے
بہرحال اب اپنے مدعا پر لوٹ اتے ہیں رب کائنات کا ارشاد ہے لهم البشرى في الحياه الدنيا وفي الاخره
ترجمہ : بے شک ان کے لیے خوشخبری ہے دنیا کی زندگی میں اور اخرت میں
اب ائیے سمجھتے ہیں کہ بشارت سے کیا مراد ہے تو حضرت عطا رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے فرماتے ہیں کہ بشارت دنیا تو وہ ہے جو ملائکہ مومن کو موت کے وقت سناتے ہیں اور بشارت آخرہ وہ ہے جو موت کے بعد سنائی جاتی ہے کہ اللہ اس سے راضی ہے،
بعض مفسرین نے بشارت دنیا سے دنیا کی نیک نامی مراد لی ہے
حضور علیہ الصلاۃ والسلام سے عرض کیا گیا اس شخص کے لیے کیا ارشاد ہے جو نیک عمل کرتے ہیں اور لوگ ان کی تعریف کرتے ہیں جواب میں فرمایا یہ مومن کے لیے جلد خوشخبری ہے (مسلم شریف)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالی جب کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبرائیل علیہ الصلاۃ والسلام کو بلا کر ان سے فرماتا ہے کہ میں فلاں بندے سے محبت کرتا ہوں تو بھی فلاں بندے سے محبت کر پھر جبرائیل علیہ الصلاۃ والسلام اسمان میں اعلان کرتے ہیں کہ اے فرشتو اللہ فلاں بندے سے محبت کرتا ہے تم بھی ان سے محبت کرو پھر اس کے لیے زمین میں مقبولیت رکھ دی جاتی ہے اور جب اللہ کسی بندے سے ناراض ہوتا ہے تو جبرائیل علیہ الصلاۃ والسلام سے کہتا ہے اے جبرائیل میں فلاں بندے سے ناراض ہوں تو بھی اس سے ناراض ہو جا چنانچہ جبرائیل علیہ الصلاۃ والسلام اس سے ناراض ہو جاتے ہیں اور اسمان میں فرشتوں کو ندا کرتے ہیں اے فرشتو اللہ فلاں بندے سے ناراض ہے تم بھی ان سے ناراض ہو جاؤ پھر زمین میں اس بندے کے لیے نفرت رکھ دی جاتی ہے
علماء فرماتے ہیں کہ بشارت عاجلہ
رضائے الہی،اللہ تعالی کے محبت فرمانے اور خلق کے دل میں محبت ڈال دینے کی دلیل ہے جیسا کہ حدیث شریف میں ایا ہے کہ اس کو زمین میں مقبول کر دیا جاتا ہے (شرح النووی علی المسلم ،از ماخوذ صراط الجنان)
اس سے پتہ چلا کہ اس زمین پر اللہ کے نیک بندوں سے مخلوق خدا کی محبت اچھائی کے ساتھ ان کا ذکر اور ان کی تعریف و توصیف کرنا اسی بشارت عاجلہ کا نتیجہ ہے اور یہ ان کی مقبولیت کی دلیل بھی
بہرحال میں عرض کر رہا تھا کہ بندہ جب خدا سے ڈرنے لگتا ہے اور مومن و متقی ہو جاتا ہے تو پھر وہ اللہ کے ولی اور اللہ اس کا معین و مددگار ہوتا ہے یہیں تک محدود نہیں بلکہ اللہ اس کے کان ہو جاتا ہے جس سے وہ سنتا ہے اس کی انکھ ہو جاتا ہے جس سے وہ دیکھتا ہے اس کے ہاتھ ہو جاتا ہے جس سے وہ پکڑتا ہے اس کے پیر ہو جاتا ہے جس سے وہ چلتا ہے جیسا کہ حدیث قدسی ہے
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:«إِنَّ اللَّهَ تَعَالَى قَالَ: مَنْ عَادَى لي وَلِيًّا فَقَدْ آذَنْتُهُ بِالْحَرْبِ، وَمَا تَقَرَّبَ إِلَيَّ عَبْدِي بِشَيْءٍ أَحَبَّ إِلَيَّ مِمَّا افْتَرَضْتُ عَلَيْهِ، وَمَا يَزَالُ عَبْدِي يَتَقَرَّبُ إِلَيَّ بِالنَّوَافِلِ حَتَّى أُحِبَّهُ، فَإِذَا أَحْبَبْتُهُ كُنْتُ سَمْعَهُ الَّذِي يَسْمَعُ به، وَبَصَرَهُ الَّذِي يُبْصِرُ به، وَيَدَهُ الَّتِي يَبْطِشُ بهَا، وَرِجْلَهُ الَّتِي يَمْشِي بهَا، وَإِنْ سَأَلَنِي لَأُعْطِيَنَّهُ، وَلَئِنِ اسْتَعَاذَنِي لَأُعِيذَنَّهُ».(رواه البخاري)
ترجمہ: حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اللہ پاک کا فرمان ہے جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی تو میں اس کے ساتھ جنگ کا اعلان کرتا ہوں میرا بندہ جن چیزوں سے میرا قرب حاصل کرتا ہے ان میں فرائض مجھے سب سے زیادہ محبوب ہے اور نوافل کے ذریعہ بندہ میرے قریب ہوتا رہتا ہے یہاں تک کہ میں اسے اپنا محبوب بنا لیتا ہوں تو جب میں اسے اپنا محبوب بنا لیتا ہوں تو اس کے کان ہو جاتا ہوں جن سے وہ سنتا ہے اس کی انکھ ہو جاتا ہوں جن سے وہ دیکھتا ہے اس کے ہاتھ ہو جاتا ہوں جن سے وہ پکڑتا ہے اس کے پاؤں ہو جاتا ہوں جن سے وہ چلتا ہے اگر وہ مجھ سے مانگے تو ضرور اسے دوں گا اور اگر وہ مجھ سے پناہ طلب کرے تو میں ضرور اسے پناہ دوں گا (بخاری، كتاب الرقاق، باب التواضع، ۴/ ۲۴۸، حدیث:۶۵۰۲)
تشریح:فقیہ اعظم ہند حضرت علامہ مولانا مفتی شریف الحق امجدی رحمۃُ اللہ علیہ اس حدیث کی تشریح میں فرماتے ہیں: ولی وہ مومن عارف باللہ ہے جو طاعات کو پوری پابندی کے ساتھ ادا کرتا رہے اور مُحَرَّمات سے بچتا رہے وہ بھی اللہ کی رضا کے لیے نہ کہ عزت وشہرت حاصل کرنے کے لیے اور دکھاوے کے لیے، اس لیے جو شریعت کا پابند نہیں وہ ولی نہیں ہوسکتا اگرچہ ہوا میں اڑے۔ جوگی جے پال حالَتِ کفر میں قادر تھے کہ اپنے حریف پر پتھر برسائیں ، آگ برسائیں ، خود ہوا میں اڑیں ، کیا اس وقت وہ ولی تھے؟ (ہرگز نہیں، اللہ پاک کا) ارشاد ہے: ’’ اِنْ اَوْلِیَآؤُهٗۤ اِلَّا الْمُتَّقُوْنَ(پ۹، الانفال: ۳۴) اللہ کے ولی وہ لوگ ہیں جو متقی ہیں۔‘‘( نزہۃ القاری، 5/ 669)
فقد اٰذنته بالحرب یعنی ولی سے دشمنی رکھنے کا مطلب:شارح بخاری حضرت علامہ غلام رسول رضوی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: (اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:)جو کوئی ولی سے عداوت (دشمنی) اس لیے کرتا ہے کہ وہ میرا ولی (دوست) ہے، میں اس سے جنگ کرتا ہوں اور اس کو ہلاک کرتا ہوں اور اس پر ایسے لوگ مسلط کرتا ہوں جو اس کو اذیت پہنچاتے رہیں ۔اُس شخص کی یہ رسوائی دنیا میں ہےآخرت کی خرابی اس کے علاوہ ہے۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو ایسی ذلت و رُسوائی سے پناہ دے۔ (تفہیم البخاری، 9/ 796)
ولی سے دشمنی کا حکم:مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں: وَلِیُّ اللہ سے اس لئے عداوت وعناد (دشمنی وبغض رکھنا) کہ وَلِیُّ اللہ ہے یہ تو کفر ہے، اسی کا یہاں (حدیث شریف میں) ذکر ہے اور ایک ہے کسی ولی سے اختلافِ رائے یہ نہ کفر ہے نہ فسق۔ (مراٰۃ المناجیح، 3/ 308)
فرائض پر عمل:’’فرائض مجھے سب سے زیادہ محبوب ہیں ‘‘کی شرح میں حکیم الامت احمد یارخان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: یعنی مجھ تک پہنچنے کے بہت ذریعے ہیں،مگر ان تمام ذرائع سے زیادہ محبوب ذریعہ ادائے فرائض ہے اسی لیے صوفیاء فرماتے ہیں کہ فرائض کے بغیر نوافل قبول نہیں ہوتے ان کا ماخذ یہ حدیث ہے افسوس ان لوگوں پر جو فرض عبادات میں سستی کریں اور نوافل پر زور دیں اور ہزار افسوس ان پر جو بھنگ،چرس حرام گانے بجانے کو خدا رسی کا ذریعہ سمجھے نماز روزے کے قریب نہ جائیں۔ (مراٰۃ المناجیح، 3/ 308)
کان، آنکھ، ہاتھ اور پاؤں بن جانے سے مراد:
فقیہ اعظیم ہند حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی رحمۃُ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا امام فخر الدِّین رَازی رحمۃُ اللہ علیہ نے سورۂ کہف کی تفسیر میں تحریر فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اس کی قوتِ سماعت اتنی قوی کردیتا ہے کہ وہ بلند و پست، نزدیک و دور کی آوازیں سنتا ہےاور اس کی آنکھ میں اتنی نورانیت پیدا فرمادیتا ہے کہ قریب و بعید کی سب چیزیں دیکھتا ہے اور اس کے ہاتھ میں اتنی قوت پیدا فرمادیتا ہے کہ نرم و سخت، ہموار و پہاڑ اور دُور و نزدیک میں تصرف کرتا ہے۔(نزہۃ القاری، 5/ 670)
حضرت احمد یارخان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ ولی فَنَا فِی اللہ ہوجاتاہے جس سے خُدائی طاقتیں اس کے اعضاء میں کام کرتی ہیں اور وہ ایسے کام کرلیتا ہے جو عقل سے وراء ہیں حضرت یعقوب علیہِ السّلام نے کنعان میں بیٹھے ہوئے مِصْر سے چلی ہوئی قمیْصِ یوسفی کی خوشبو سونگھ لی، حضرت سلیمان علیہِ السّلام نے تین میل کے فاصلہ سے چیونٹی کی آواز سن لی ۔ حضورِ انور صلّی اللہ علیہ وسلّم نے قِیامت تک کے واقعات بچشم ملاحظہ فرمالئےـحضرت آصف برخیانے پلک جھپکنے سے پہلے یمن سے تختِ بلقیس لاکر شام میں حاضِر کردیا۔ حضرت عمر نے مدینَۂ منوّرہ سے خطبہ پڑھتے ہوئے مقام نہاوند کے منظر ملاحظہ فرمالیا جو کہ مدینہ منورہ سے سیکڑوں میل دور ایران میں موجود ہے اور وہاں تک اپنی آوازبھی پہنچادی جیساکہ حدیث میں مذکور ہے:عَنِ ابْنِ عمر ان عُمَرَ بَعَثَ جَيْشًا وَأَمَّرَ عَلَيْهِمْ رَجُلًا يُدْعَى سَارِيَةَ فَبَيْنَمَا عُمَرُ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ يَخْطُبُ فَجَعَلَ يَصِيحُ يَا سَارِيَ الْجَبَلَ، فَقَدِمَ رَسُولٌ مِنَ الْجَيْشِ فَقَالَ يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ لَقِينَا عَدُوَّنَا فَهَزَمُونَا فَإِذَا صَائِحٌ يَصِيحُ يَا سَارِيَ الْجَبَلَ فَأَسْنَدْنَا ظُهُورَنَا إِلَى الْجَبَلِ فَهَزَمَهُمُ اللهُ فَقُلْنَا لِعُمَرَ: كُنْتَ تَصِيحُ بِذَلِكَ.(دلائل النبوة ،ج: 6، ص:370) ترجمہ :حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ نے ایک لشکر روانہ فرمایا اور ان پر ساریہ نامی ایک شخص کو امیر مقرر کیا۔ ایک مرتبہ حضرت عمرؓ خطبہ دے رہے تھے کہ اچانک پکارنے لگے: ’’اے ساریہ! پہاڑ کی طرف متوجہ ہو جاؤ۔‘‘ پھر لشکر کا ایک قاصد آیا اور عرض کیا: ’’اے امیرالمؤمنین! ہمارا دشمن سے مقابلہ ہوا اور انہوں نے ہمیں شکست دے دی، اسی دوران اچانک ایک پکارنے والے کی آواز آئی: ’’اے ساریہ! پہاڑ کی طرف!‘‘ چنانچہ ہم نے اپنی پشتیں پہاڑ سے لگا لیں، تو اللہ تعالیٰ نے دشمن کو شکست دے دی۔‘‘ پھر ہم نے حضرت عمرؓ سے کہا: ’’آپ اسی وقت یہی الفاظ پکار رہے تھے۔
یہ سب اسی طاقت کے کرشمے ہیں۔ آج نار کی طاقت سے ریڈیو تار، وائرلیس، ٹیلی ویژن عجیب کرشمے دکھا رہے ہیں تو نور کی طاقت کا کیا پوچھنا۔ اس حدیث سے وہ لوگ عبرت پکڑیں جو طاقتِ اولیا کے منکر ہیں۔(مراٰۃ المناجیح، 3/ 308)
لہذا پروردگار عالم سے دعا ہے کہ ہمیں اولیاء کرام کی سیرت کو اپنانے اپنے رب کو راضی کرنے اور اس کے بتائے ہوئے راستے پر چلنےکی توفیق عطا فرمائے اور اپنے محبوبوں کےفیضان کرم سے مستفیض و مستنیر فرمائیں آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کیونکہ
اللہ اگر توفیق نہ دے انسان کے بس کا کام نہیں ۔فیضان محبت عام سہی عرفان محبت عام نہیں
یہ قصہ لطیف ابھی نا تمام ہے ۔جو کچھ ہوا بیان وہ آغاز باب تھا ابھی اور زندگی دے کہ ہے داستاں ادھوری ۔میری موت سے نہ ہوگی کبھی داستاں پوری
استغفرُللہ رب من کل ذنب و اتوب الیہ
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "شان اولیاء کرام قران و حدیث کی روشنی میں"
Post a Comment