بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

کدّو کھانا سنت ہے یا لوکی..؟


کدّو کھانا سنت ہے یا لوکی..؟


بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`

کدو اور لوکی در اصل ایک ہی چیز ہے یعنی ایک ہی سبزی کا نام ہے جسے عربی میں ”دُبَّاء“ یا ”قَرْعٌ“ کہا جاتا ہے۔ اور حدیث پاک میں جس کدو کا ذکر ہے اس سے مراد پیٹھا کدو یا گول اور میٹھا کدو نہیں بلکہ اس سے مراد وہ کدو ہے جو لمبا ہوتا ہے جسے لوکی یا گھِیا کدو کہا جاتا ہے۔ قرآن واحادیث میں اسی کدو کا ذکر موجود ہے۔ کدو (یعنی لوکی) کا استعمال نبیٔ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سنت ہے، ہمارے پیارے نبی ﷺ کدو کو بہت پسند فرماتے تھے۔ لہذا کدو کھانا اور اسے پسند کرنا سنت ہے۔ کدو (یعنی لوکی) نہایت صحت بخش غذا ہے۔ طبی ماہرین نے اس کے کثیر فوائد بیان کئے ہیں جیسے کدو میں موجود قدرتی وٹامن سی، سوڈیم، پوٹاشیم اور فولاد نہ صرف طاقت بخش ثابت ہوتے ہیں، بلکہ اس کا روزانہ استعمال پیٹ کے مختلف اَمراض کے خلاف مُؤثّر حفاظت بھی فراہم کرتا ہے، کدو میں پائے جانے والے اَجزا کی تاثیر قدرتی طور پر ٹھنڈی ہوتی ہے جو گرمی کا اثر کم کرنے کے ساتھ ساتھ تھکن کا احساس بھی گھٹا دیتی ہے، لوکی کھانے سے خوب بھوک لگتی ہے اور کمزوری دور ہوتی ہے وغیرہ۔

”خزائن الادویہ“ میں ہے:”گول اور میٹھے کدو کو کاسی پھل کہا جاتا ہے، جبکہ اس کی لمبی والی قسم کو لوکی اور کدو کہا جاتا ہے۔“ (خزائن الادویہ، 3 / 295، 300)
”فیروز اللغات“ میں ہے:”لَوکی:کدو، لمبا گھِیا۔“ (فیروز اللغات، صفحہ:1169)

کدو کا قراٰنِ کریم میں بھی ذکر ملتا ہے، چنانچہ ”قرآن پاک“ میں ہے:”﴿وَ اَنْۢبَتْنَا عَلَیْهِ شَجَرَةً مِّنْ یَّقْطِیْنٍۚ.﴾ ترجمۂ کنز الایمان:اور ہم نے اس پر کدو کا پیڑ اگایا۔ (القرآن المجید، سورۃ الصّٰفّٰت، الآية:146)

اس آیت کے تحت ”تفسیر نسفی“ میں ہے:”﴿﴿مِن يَقْطِينٍ﴾، الجمهور على أنه القرع.“ یعنی ﴿مِن يَقْطِينٍ﴾ کے بارے میں جمہور مفسرین کا قول یہ ہے کہ اس سے مراد کدو ہے۔ (تفسير النسفي، سورۃ الصّٰفّٰت، تحت الآية:146)

”تفسیر بغوی“ میں ہے:”﴿شَجَرَةً مِنْ يَقْطِينٍ﴾ يعني:القرع، على قول جميع المفسرين.“ یعنی *"﴿شَجَرَةً مِنْ يَقْطِينٍ﴾ یعنی کدو، تمام مفسرین کے قول کے مطابق۔ (تفسير البغوي، سورۃ الصّٰفّٰت، تحت الآية:146)

کدو (یعنی لوکی) کا استعمال نبیٔ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سنت ہے آپ ﷺ اسے بہت پسند فرماتے تھے، جیسا کہ حضرتِ انس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں:”كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُحِبُّ الْقَرْعَ.“ یعنی نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کدو شریف پسند فرماتے تھے۔( ابن ماجہ، کتاب الاطعمة، باب الدبّائ، 4/ 27، الحدیث:3302)

دوسری ”حدیث پاک“ میں ہے:”وعن انس رضی الله عنہ ان خياطا دعا النبي صلى الله عليه وسلم لطعام صنعه فذهبت مع النبي صلى الله عليه وسلم فقرب خبز شعير ومرقا فيه دباء وقديد فرايت النبي صلى الله عليه وسلم يتتبع الدباء من حوالي القصعة فلم ازل احب الدباء بعد يومىذ.“ یعنی روایت ہے حضرت انس رضی الله عنہ سے کہ ایک درزی نے نبی صلی الله علیہ وسلم کو کھانے کے لیے بلایا جسے اس نے تیار کیا تھا تو میں نبی صلی الله علیہ وسلم کے ساتھ گیا تو اس نے جو کی روٹی اور شوربا پیش کیا جس میں کدو اور خشک گوشت تھا تو میں نے نبی صلی الله علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی الله علیہ وسلم پیالے کے آس پاس سے کدو تلاش کرتے تھے اس دن کے بعد سے میں کدو سے محبت کرتا رہا۔ (مشکوۃ المصابیح، کتاب الأطعمة، الفصل الأول، الحديث:4180)

اس حدیث پاک کے تحت خاتم المحققین شیخ عبد الحق محدث دہلوی حنفي رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ (المتوفی:1052ھ) ”الدباء“ کا معنیٰ بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں:”(الدباء) بضم الدال وتشديد الباء ممدود: القرع بالفارسية كدو.“ یعنی (الدُّبَّاء) دال کے پیش اور با کی تشدید کے ساتھ لمبا پڑھا جاتا ہے: فارسی میں اس کو قرع کہتے ہیں جسے کدو کہا جاتا ہے۔ (لمعات التنقيح في شرح مشكوة المصابيح، كتاب الأطعمة، الفصل الأول، المجلد السابع، صفحة:237، تحت الحديث:4180، مطبوعہ دار النوادر)

حضرت علامہ علی بن سلطان محمد قاری حنفی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ (المتوفی:1014ھ) لکھتے ہیں:”وأنه يسن محبة الدباء.“ یعنی اور یہ (بھی معلوم ہوا) کہ کدو سے محبت کرنا سنت ہے۔ (مرقاة المفاتيح شرح مشكوة المصابيح، كتاب الأطعمة، الفصل الأول، الجزء الثامن، صفحة:97، تحت الحدیث:4180، مطبوعہ دار الكتب العلمية، بيروت)

”تفسیر بیضاوی اور تفسیر نسفی“ میں ہے:”قيل لرسول الله ﷺ :إنك لتحب القرع، قال: "أجل هي شجرة أخي يونس.“ یعنی کسی نے عرض کی: ’’یا رسولَ اللہ! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ کدو شریف بہت پسند فرماتے ہیں۔ رسولِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’ہاں، یہ میرے بھائی حضرت یونس عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا درخت ہے۔ (بیضاوی، الصافات، تحت الآیة:146، 5/ 27)

کدو (یعنی لوکی) کے فوائد کے متعلق ”صراط الجنان“ میں ہے:”لوکی کا استعما ل نبیٔ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سنت ہے۔ طب کے ماہرین نے اس کے بہت سے طبی فوائد بھی بیان کئے ہیں، یہاں ان میں سے 7 طبی فوائد ملاحظہ ہوں:

(1)… لوکی میں موجود قدرتی وٹامن سی، سوڈیم، پوٹاشیم اور فولاد نہ صرف طاقت بخش ثابت ہوتا ہے بلکہ اس کا روزانہ استعمال پیٹ کے مختلف اَمراض کے خلاف مُؤثّر حفاظت بھی فراہم کرتا ہے۔
(2)… لوکی میں پائے جانے والے اَجزا کی تاثیر قدرتی طور پر ٹھنڈی ہوتی ہے جو گرمی کا اثر کم کرنے کے ساتھ ساتھ تھکن کا احساس بھی گھٹا دیتا ہے۔
(3)…لوکی کھانے سے خوب بھوک لگتی ہے اور کمزوری دور ہوتی ہے۔
(4)… قبض کے مریضوں کے لئے لوکی بہت فائدہ مند ہے ۔
(5)… کدو جگر کے درد کو دور کرنے میں مفید ہے۔
(6)… پیشاب کے امراض، معدے کے امراض اور یرقان کے مرض میں بہت فائدہ دیتا ہے۔
(7)… اس کے بیجوں کا تیل دردِ سر اور سر کے بالوں کیلئے بہت مفید ہے اور نیند لاتا ہے۔“ (صراط الجنان، سورۃ الصّٰفّٰت، تحت الآية:146، 8 / 351)

وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ

كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی





0 Response to "کدّو کھانا سنت ہے یا لوکی..؟"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->