کسی بندے کے پاس بقدرِ نصاب سونا موجود ہے لیکن اس نے لون لے رکھا ہے تو اس پر زکوۃ فرض ہے یا نہیں؟
Tuesday, 20 October 2026
Add Comment
کسی بندے کے پاس بقدرِ نصاب سونا موجود ہے لیکن اس نے لون لے رکھا ہے تو اس پر زکوۃ فرض ہے یا نہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِاَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
پوچھی گئی صورت میں حکمِ شرع یہ ہے کہ اگر کسی کے پاس بقدرِ نصاب سونا موجود ہے لیکن اس پر اتنا قرض (لون) ہے کہ اگر وہ قرض ادا کر دے تو اس کے پاس نصاب باقی نہ رہے تو اس پر زکوۃ واجب نہیں ہے کیونکہ زکوۃ کے واجب ہونے کی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ نصاب قرض سے فارغ ہو، لہذا پہلے مال میں سے قرض کو منہا کیا جائے گا، اس کے بعد اگر بقدرِ نصاب بچتا ہے تو زکوۃ واجب ہے ورنہ نہیں۔
زکوٰۃ کے واجب ہونے کی شرائط میں سے یہ بھی ہے کہ نصاب قرض سے فارغ ہو، چنانچہ ”امام ملک العلماء ابو بکر کاسانی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ لکھتے ہیں:”ومنها أن لا يكون عليه دين مطالب به من جهة العباد عندنا فإن كان فإنه يمنع وجوب الزكاة بقدره حالا كان أو مؤجلا.“ یعنی ہمارے نزدیک زکوٰۃ کے واجب ہونے کی شرائط میں سے یہ ہے کہ اس پر ایسا دین نہ ہو جس کا مطالبہ بندوں کی طرف سے ہو، اگر ایسا دین ہو چاہے دین فی الحال دینا ہو یا بدیر وہ زکوٰۃ کے وجوب سے مانع ہوگا۔ (البدائع الصنائع في ترتيب الشرائع، جلد:2، صفحة: 6، مطبوعہ دار الکتب العلمیة، بیروت)
”فتاویٰ عالمگیری“ میں ہے:”ومنها الفراغ عن الدين:قال أصحابنا رحمهم الله تعالى:كل دين له مطالب من جهة العباد يمنع وجوب الزكاة.“ یعنی اور ان شرائط میں سے قرض سے فراغت بھی ہے، ہمارے اصحاب نے فرمایا ہر وہ قرض جس کا مطالبہ بندوں کی طرف سے ہو وہ وجوبِ زکوۃ سے مانع ہے۔ (الفتاوى الهندية، كتاب الزكاة، الباب الأول في تفسيرها وصفتها وشرائطها، الجزء الأول، صفحة:190، مطبوعہ دار الكتب العلمية، بيروت)
دین کے مال زکوٰۃ سے منہا ہونے کے حوالے سے ”اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ فرماتے ہیں:”دین ِعبد( یعنی بندوں میں جس کا کوئی مطالبہ کرنے والا ہو اگرچہ دین حقیقتاً اللہ عزوجل کا ہو جیسے دینِ زکوٰۃ جس کا حق ِمطالبہ بادشاہِ اسلام اعز اللہ نصرہ کو ہے)، انسان کے حوائج اصلیہ سے ایسا دین جس قدر ہوگا اتنا مال مشغول بحاجت اصلیہ قرار دے کر کالعدم ٹھہرے گا اور باقی پر زکوٰۃ واجب ہوگی اگر بقدرِ نصاب ہو۔“ (فتاوی رضویہ، جلد:10، صفحہ:126، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)
وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "کسی بندے کے پاس بقدرِ نصاب سونا موجود ہے لیکن اس نے لون لے رکھا ہے تو اس پر زکوۃ فرض ہے یا نہیں؟"
Post a Comment