بیس یا پچیس دن کی بچی کی نمازِ جنازہ ضروری ہے؟
Monday, 28 September 2026
Add Comment
اگر بیس یا پچیس دن کی بچی کا انتقال ہو جائے تو اس کی نمازِ جنازہ ہونی چاہیے یا نہیں؟ اور بغیر نماز پڑھے دفن کر دیا تو کوئی گناہ تو نہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جی ہاں! اگر بیس یا پچیس دن کی بچی زندہ پیدا ہوئی تھی اور بعد میں اس کا انتقال ہو گیا تو اس کو غسل وکفن اور اس کی نمازِ جنازہ بھی پڑھی جائے گی۔ اگر اسے نمازِ جنازہ پڑھے بغیر دفن کر دیا گیا ہو تو، اگر میت کے پھٹنے کا غالب گمان نہ ہو تو، اس کی قبر پر نمازِ جنازہ پڑھی جائے گی۔ البتہ اگر میت کے پھٹنے کا غالب گمان ہو تو قبر پر نمازِ جنازہ نہیں پڑھی جائے گی۔ جن لوگوں نے اس بچی کو بغیر نمازِ جنازہ پڑھے دفن کیا ہے وہ لوگ گناہ گار ہوئے لہذا توبہ کریں۔
تفصیل اس مسئلے کی یہ ہے کہ مسلمان مرد یا عورت کا بچہ زندہ پیدا ہوا یعنی اکثر حصہ باہر ہونے کے وقت زندہ تھا پھر مر گیا تو اُس کو غسل و کفن دیں گے اور اس کی نماز پڑھیں گے، ورنہ اُسے ویسے ہی نہلا کر ایک کپڑے میں لپیٹ کر دفن کر دیں گے، اُس کے لیے غسل و کفن بطریق مسنون نہیں اور نماز بھی اس کی نہیں پڑھی جائے گی، یہاں تک کہ سر جب باہر ہوا تھا اس وقت چیختا تھا مگر اکثر حصہ نکلنے سے پیشتر مر گیا تو نماز نہ پڑھی جائے، اکثر کی مقدار یہ ہے کہ سر کی جانب سے ہو تو سینہ تک اکثر ہے اور پاؤں کی جانب سے ہو تو کمر تک۔ یوں ہی میّت کو بغیر نماز پڑھے دفن کر دیا اور مٹی بھی دے دی گئی تو اب اس کی قبر پر نماز پڑھیں، جب تک پھٹنے کا گمان نہ ہو اور مٹی نہ دی گئی ہو تو نکالیں اور نماز پڑھ کر دفن کریں اور قبر پر نماز پڑھنے میں دنوں کی کوئی تعداد مقرر نہیں کہ کتنے دن تک پڑھی جائے کہ یہ موسم اور زمین اور میّت کے جسم و مرض کے اختلاف سے مختلف ہے، گرمی میں جلد پھٹے گا اور جاڑے میں دیر سے، تر یا شور زمین میں جلد، خشک اور غیر شور میں دیر سے، فربہ جسم جلد اور لاغر دیر میں۔
جب زندہ بچہ پیدا ہو تو اس پر نمازِ جنازہ پڑھی جائے گی، چنانچہ حضرت جابر بن عبد اللہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:”إذا استهل الصبي صُلي عليه ووُرث.“ یعنی جب بچہ پیدا ہوتے وقت رویا (زندگی کی کوئی علامت پائی گئی) تو اس پر نمازِ جنازہ پڑھی جائے گی اور وہ وارث بھی بنے گا۔ (ابن ماجہ، كتاب الجنائز، باب ما جاء في الصلاة على الطفل، جلد:2، صفحة:222، الحديث:1508)
”تنوير الأبصار“ میں ہے:”ومن ولد فمات يغسل ويصلي عليه إن استهل.“ یعنی جو بچہ پیدا ہو کر فوت ہو گیا اگر علامتِ زندگی پائی گئی تو غسل دیا جائے گا اور اس پر نمازِ جنازہ بھی پڑھی جائے گی۔ (تنوير الأبصار، كتاب الصلاة، باب صلاة الجنائز، الجزء الثالث، صفحة:129، مطبوعہ دار عالم الكتب، رياض)
”بہارِ شریعت“ میں ہے:”مسلمان مرد یا عورت کا بچہ زندہ پیدا ہوا یعنی اکثر حصہ باہر ہونے کے وقت زندہ تھا پھر مر گیا تو اُس کو غسل و کفن دیں گے اور اس کی نماز پڑھیں گے، ورنہ اُسے ویسے ہی نہلا کر ایک کپڑے میں لپیٹ کر دفن کر دیں گے، اُس کے لیے غسل و کفن بطریقِ مسنون نہیں اور نماز بھی اس کی نہیں پڑھی جائے گی، یہاں تک کہ سر جب باہر ہوا تھا اس وقت چیختا تھا مگراکثر حصہ نکلنے سے پیشتر مر گیا تو نماز نہ پڑھی جائے، اکثر کی مقدار یہ ہے کہ سر کی جانب سے ہو تو سینہ تک اکثر ہے اور پاؤں کی جانب سے ہو تو کمر تک۔“ (بہارِ شریعت، نمازِ جنازہ کا بیان، جلد:1، حصہ چہارم، صفحہ:841، مطبوعہ مجلس المدينة العلمية دعوت اسلامی)
اگر میت پر نمازِ جنازہ پڑھے بغیر دفن کر دیا تو اگر میت کے پھٹنے کا غالبِ گمان نہ ہو تو قبر پر نمازِ جنازہ پڑھی جائے گی اور پھٹنے کا یقین ہو جائے تو نہیں، چنانچہ ”تنوير الأبصار مع در مختار“ میں ہے:” (وإن دفن) وأهيل عليه التراب (بغير صلاة) أو بها بلا غسل أو ممن لا ولاية له (صلى على قبره) استحساناً (ما لم يغلب على الظن تفسخه) من غير تقدير هو الأصح.“ یعنی اور اگر میت کو دفن کر دیا گیا اور اس پر مٹی ڈال دی گئی بغیر نماز (جنازہ) کے، یا ایسی نماز جو بغیر غسل کے پڑھی گئی ہو، یا ایسے شخص نے پڑھائی ہو جس کو ولایت (یعنی نماز پڑھانے کا حق) حاصل نہیں تھا، تو استحساناً اس کی قبر پر نماز پڑھی جائے گی، جب تک یہ غالب گمان نہ ہو کہ میت پھٹ گئی ہے، اور اس کی کوئی مقرر مدت نہیں، یہی اصح قول ہے۔ (تنوير الأبصار مع الدر المختار، كتاب الصلاة، باب صلاة الجنائز، الجزء الثالث، صفحة:125، مطبوعہ دار عالم الكتب، رياض)
”بہارِ شریعت“ میں ہے:”میّت کو بغیر نماز پڑھے دفن کر دیا اور مٹی بھی دے دی گئی تو اب اس کی قبر پر نماز پڑھیں، جب تک پھٹنے کا گمان نہ ہو اور مٹی نہ دی گئی ہو تو نکالیں اور نماز پڑھ کر دفن کریں اور قبر پر نماز پڑھنے میں دنوں کی کوئی تعداد مقرر نہیں کہ کتنے دن تک پڑھی جائے کہ یہ موسم اور زمین اور میّت کے جسم و مرض کے اختلاف سے مختلف ہے، گرمی میں جلد پھٹے گا اور جاڑے میں بدیر، تر یا شور زمین میں جلد خشک اور غیر شور میں بدیر فربہ جسم جلد لاغر دیر میں۔“ (بہارِ شریعت، نمازِ جنازہ کا بیان، جلد:1، حصہ چہارم، صفحہ:840، مطبوعہ مجلس المدينة العلمية دعوت اسلامی)
وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to " بیس یا پچیس دن کی بچی کی نمازِ جنازہ ضروری ہے؟"
Post a Comment