بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

اگر کوئی شخص فاسقِ معلن ہو تو کیا وہ نمازِ جنازہ پڑھا سکتا ہے؟


اگر کوئی شخص فاسقِ معلن ہو تو کیا وہ نمازِ جنازہ پڑھا سکتا ہے؟


بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ


فاسقِ معلن کو امام بنانا گناہ ہے کیونکہ اسے آگے کرنے میں اس کی تعظیم ہے جبکہ فاسقِ معلن کی تعظیم شرعاً حرام اور توہین واجب، اس کے پیچھے پڑھی گئی نماز مکروہِ تحریمی و واجب الاعادہ ہوتی ہے۔ البتہ اگر فاسقِ معلن نے نمازِ جنازہ پڑھا دی تو فرض ساقط ہونے کے سبب نمازِ جنازہ ہو جائے گی، اعادہ کی حاجت نہیں کیوں کہ نمازِ جنازہ فرضِ کفایہ ہے اور فرضِ کفایہ کو دوبارہ پڑھنا نفل ہے اور نفل کی تکرار بالاجماع مشروع نہیں۔

فاسقِ معلن کو امام بنانا گناہ ہے، جیسا کہ ”غنية المستملي“ میں ہے:”لو قدموا فاسقا یاثمون، بناءعلی ان کراھة تقدیمه کراھة تحریم.“ یعنی اگر لوگوں نے فاسق کو امام بنایا، تو وہ گنہگار ہوں گے، کیونکہ اس کو مقدم کرنا مکروہ تحریمی ہے ۔(غنیة المستملی شرح منیة المصلی، جلد:1، صفحة:442، مطبوعہ کوئٹہ)

فاسقِ معلن کی توہین شرعاً واجب ہے، چنانچہ ”تبیین الحقائق“ میں ہے:” لأن فی تقدیمه للإمامة تعظیمه وقد وجب علیھم اھانة شرعا.“ یعنی اس لئے کہ اسے (یعنی فاسق کو) امام بنانے میں تعظیم ہے جبکہ شرعاً ان پر اس کی اہانت واجب ہے۔ (تبیین الحقائق، باب الإمامة والحدث فی الصلوۃ مطبوعہ مطبعہ کبری امیریۃ مصر ۱ /۱۳۴)

فاسقِ معلن اگر نمازِ جنازہ پڑھا دے، تو فرض ساقط ہوجائے گا۔ جیسا کہ فتاوٰی رضویہ میں ہے:” (صورتِ مسئولہ میں) اس (فاسق) کے پیچھے نمازمکروہ ہے کہ پڑھی جائے، تو شرعاً اس کا اعادہ مطلوب ۔۔۔۔ نمازِ جنازہ میں اسے امام کرنا اور بھی زیادہ معیوب کہ یہ نماز بغرضِ دُعا و شفاعت ہے اور فاسق کو شفاعت کے لیے مقدم کرنا حماقت، تاہم اگر پڑھائے گا، تو جوازِ نماز و سقوطِ فرض میں کلام نہیں۔“ (فتاوٰی رضویہ، جلد:6، صفحة:390-389، رضا فاؤنڈیشن، لاھور، ملتقطاً)

فرض ساقط ہونے کے بعد دوبارہ ادا کی گئی نماز نفل ہے اور نمازِ جنازہ کو بطورِ نفل پڑھنا بالاجماع مشروع نہیں، جیسا کہ علامہ ابراہیم حلبی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ فرماتے ہیں:”لا یصلی علیه لئلا یودی إلی تکرار الصلٰوۃ علی میت واحد فإنه غیر مشروع.“ اُس پر نماز نہ پڑھی جائے کہ ایک میت پر دوبار نماز نہ ہو کہ یہ ناجائز ہے۔ (غنیة المستملی شرح منیة المصلی فصل فی الجنائز، صفحة:590 مطبوعہ سہیل اکیڈمی لاہور)

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ اس حوالے سے ارشاد فرماتے ہیں:”ائمہ کرام اس کی تکرار کو نامشروع فرماتے ہیں کہ شرع مطہر میں یہ نماز بروجہ تنفل نہیں اور اس کی فرضیت بالاجماع بسبیل الکفایہ ہے، اورفرض کفایہ جب بعض نے ادا کرلیا ادا ہو گیا، اب جو پڑھے گا نفل ہی ہوگا۔ اور اس میں تنفل مشروع نہیں۔“ (فتاوی رضویہ، جلد:9، صفحہ: 281، رضا فاؤنڈیشن ،لاھور)

وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی

0 Response to "اگر کوئی شخص فاسقِ معلن ہو تو کیا وہ نمازِ جنازہ پڑھا سکتا ہے؟"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->