بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

عالمی پیمانے پر تجارت کی اہمیت و افادیت


عالمی پیمانے پر تجارت کی اہمیت و افادیت

 

از قلم: اسلم ساقی مصباحی


عالمی پیمانے پر تجارت کی اہمیت و افادیت پر لب کشائی کرنے سے قبل تجارت کے مرکزی مقاصد و اہداف پر اجمالاً ہی سہی مگر روشنی ڈالنا ناگزیر ہے۔ در اصل کاروان زیست کو تسلسل اور توازن کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے انسانی دامن کا مال و متاع سے مملو ہونا حد درجہ ضروری ہے۔ انسانی زندگی کے تحفظ و بقا میں جہاں دیگر اسباب و محرکات کارفرما ہیں وہیں انسانی تابِ عارض کی مُدام و ابدیت، سیم و زر کی فراہمی پر منحصر ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب عالمی سطح پر انسانی معیشت کا تحقیقانانہ جائزہ لیا جاتا ہے تو یہ حقیقت واشگاف ہوتی ہے کہ نوع انسان کا ایک بڑا طبقہ محض اس لیے اپنے عرصہ حیات کو دراز کرنے سے رہ جاتے ہیں کہ وہ مالی فلاکت و ناداری سے دوچار ہوتے ہیں۔ اتنی بات تو ہمیں سمجھ آ گئی کہ کسب معاش اور تلاش رزق انسان کی اہم اور بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے۔ اور یہی ناقابلِ تردید حقیقت در اصل تجارت کا مرکزی مدّعا ہے۔

حصول معاش کے طریقوں میں تجارت سب سے زیادہ مؤثر اور مستحسن طریقہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی اکثریت جن کا خرمن گاہ مال و منال سے لبریز نظر آتا ہے اور جن کی زندگی فرخندہ حال اور فلاحیت سے رونق بخش ہوتی ہے وہ کہیں نہ کہیں تجارت ہی سے وابستہ معلوم ہوتے ہیں۔ کل بھی تجارت نے کتنے خاندانوں اور سوسائٹیز کو فرش زمیں سے اٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا۔ اور آج بھی تجارت اپنے اسی زرق و برق اور ضوریز کیفیت کے ساتھ قائم و دائم ہے۔ یہیں سے ہمیں تجارت کی اہمیت و افادیت کا قدرے اندازہ بھی ہو جاتا ہے۔

انٹر نیشنل لیول پر تجارت کی اہمیت و افادیت حد احصا سے بالا تر ہے۔ اُن سب کو ضبط تحریر میں لانا یقینی طور پر ایک مشکل امر ہے۔ مگر جو باتیں خاص اہمیت کی حامل ہیں اُن کو درکنار کرنا بھی مناسب نہیں۔ عالمی سطح پر تجارت کرنا وقت کا ایک بڑا اور اہم تقاضہ ہے خصوصاً ایسے وقت میں جب ممالک کا آپسی تعلقات کشیدہ ہوں۔ اور ایک ملک دوسرے ملک سے تصادم کی آرزو رکھتا ہو۔ کیوں کہ ایسے تلخ و ترش حالات میں "تجارت" باہمی امن و آشتی اور صلح و معاہدہ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ تاریخ میں اس کی مثال موجود ہے۔

یہ کون نہیں جانتا ہے کہ عصر حاضر میں فرش گیتی کا ایک بڑا طبقہ روزگار کے مسئلے کو لے کر ہَیجان زدہ ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس مسئلے کی زد میں صرف غیر تعلیم یافتہ افراد ہی نہیں بلکہ ہائی ایجوکیٹڈ افراد بھی ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ تعلیم و تربیت اور تہذیب و تمدن کے موہنی اور مِقناطیسی ہتھیار سے لیث ہونے کے باوجو روزگار نہ ملنا کتنوں کی فلاکت کا سبب بن جاتا ہے۔ ایسے میں بین الاقوامی سطح پر تجارت اس صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے نہایت مؤثر اور موزوں حربہ ثابت ہوتا ہے۔ اور روزگار کی فراہمی کے ذریعے بلا تفریق بہتوں کی حیات میں چمن کی بہاریں لا دیتا ہے۔

ایک ملک کا دوسرے ملک سے ارتباط کی کئی جہتیں ہوتی ہیں۔ انہی میں ایک پہلو سیاست کا بھی ہے۔ بسا اوقات ممالک کا آپس میں سیاسی تناؤ بھی خوب رہتا ہے۔ یہاں بھی تجارت اپنی فسوں سازی کا جوہر دکھاتا ہوا نظر آتا ہے۔ جس سے سیاست کا سیاہ رنگ سفیدی میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

یہ حقیقت بھی مسلّم ہے کہ ہر ملک اپنی تمام ضروریات از خود پوری نہیں کر سکتا۔ کیوں کہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ ایک ملک میں قدرتی طور پر پیداوار کی بہتات ہوتی ہے تو وہیں دوسرا ملک صنعت، ٹیکنالوجی اور مادیات کے میدان میں اپنی انتہا کو پہنچا ہوا ہوتا ہے۔ ایسے میں ایک ملک جہاں اپنی زائد اشیاء کو بر آمد کر کے مالی استحکام سے ہمکنار ہوتا ہے وہیں دوسرے ممالک سے ضروری اشیاء درآمد کر کے اپنی جملہ ضرورتوں کو پوری کرتا ہے۔ اگر کہا جائے کہ عالمی تجارت کا یہ سب سے بڑا اور اہم فائدہ ہے تو غلط نہیں ہوگا۔

خلاصہ کلام یہ کہ بین الاقوامی سطح پر تجارت بے شمار منافع کا گراں قدر منبع ہے۔ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں بلکہ لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ممالک کی اقتصادی حالت بہتر ہوتی ہے۔ آپسی تعلقات ہموار ہوتی ہے۔ اسی طرح جب تجارتی تصور عروج پاتا ہے تو ممالک معیاری مصنوعات کے حوالے سے مسابقت پر اتر آتے ہیں۔ نتیجے کے طور پر دنیا نئی نئی ایجادات و اختراعات سے روشناس ہوتی ہے۔ اور لوگ اُن مصنوعات کو اپنے استعمال میں لا کر زندگی کی بے شمار کلفتوں کو آسانیوں میں تبدیل کرتے ہیں جس سے زیست کے آنگن میں سنبل و ریحان اُگنا شروع ہو جاتے ہیں۔

تجارت سے نہ صرف یہ کہ معیشت ترقی کرتی ہے بلکہ اس سے وابستہ لوگ خود ذاتی طور پر ذہنی اور دماغی اعتبار سے بتدریج اسٹرونگ ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اُن کے افکار و خیالات کا عنصر ترقّی پاکر آفاق کی وسعتوں میں پھیل جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تجارتی نظام کی سرگرمیوں کا جو لوگ حصہ نہیں ہوتے ان کا ذہن تجارتی افراد کے اذہان کے مقابلے میں ہیچ نظر آتا ہے۔

آخری بات یہ کہ نظام تجارت کسی مذہب یا گروہ کا پابند نہیں۔ بلکہ یہ بلا تفریق اپنے آغوش میں آنے والے کو یکساں طور پر سایہ عطا کرتا ہے۔ اور سب کا خرمن گاہ اس کے نتائج و ثمرات سے لبریز ہو جاتا ہے۔ غرض کہ مجموعی طور پر سب کا معیار زندگی بہتر سے بہترین ہو جاتا ہے۔

0 Response to "عالمی پیمانے پر تجارت کی اہمیت و افادیت "

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->