قبلہ کی طرف پیٹھ کر کے بیت الخلاء میں بیٹھ سکتے ہیں یا نہیں؟ اور غسل خانے میں نہاتے وقت ستر کس طرف ہونا چاہیے کیا قبلے کی جانب پیٹھ یا رخ کر سکتے ہیں؟
Saturday, 29 August 2026
Add Comment
قبلہ کی طرف پیٹھ کر کے بیت الخلاء میں بیٹھ سکتے ہیں یا نہیں؟ اور غسل خانے میں نہاتے وقت ستر کس طرف ہونا چاہیے کیا قبلے کی جانب پیٹھ یا رخ کر سکتے ہیں؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`
پاخانہ یا پیشاب کرتے وقت قبلے کی جانب رُخ یا پُشت کرنا شرعاً ناجائز وگناہ ہے۔ یہ حکم عام ہے چاہے مکان کے اندر ہو، یا میدان میں۔ اور اگر بھول کر قِبلہ کی طرف منہ یا پُشت کر کے بیٹھ گیا، تو یاد آتے ہی فوراً رُخ بدل دے اس میں امید ہے کہ فوراً اس کے لیے مغفرت فرمادی جائے۔ اگر کہیں بیت الخلاء کا رُخ قبلہ کی جانب ہو تو اس کی ممکنہ صورت میں تبدیلی کر لی جائے۔ اور اگر تبدیلی کرنا ممکن نہ ہو تو قضائے حاجت کرنے والوں پر لازم ہے کہ رخ بدل کر بیٹھیں۔ یعنی بیٹھتے وقت مُنہ یا پیٹھ قبلہ سے 45 ڈگری کے باہر رہے۔ اسی طرح غسل کے آداب میں سے ہے کہ غسل کرتے وقت قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ نہ ہو کیونکہ عام طور پر غسل کپڑے اتار کر یعنی برہنگی کی حالت میں کیا جاتا ہے۔ لہذا غسل کرتے وقت قبلے کی جانب رُخ کرنا یا پیٹھ کرنا، مکروہِ تنزیہی اور خلافِ ادب ہے۔ اور اگر ستر چھپا ہوا ہے تو قبلے کی طرف رخ یا پشت کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔
حضور ﷺ نے قضائے حاجت کرتے وقت قبلے کی جانب رخ یا پیٹھ کرنے سے منع فرمایا، چنانچہ کتبِ ستّہ حضرت ابو ایوب انصاری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا:”إذا أتی أحدکم الغائط فلا یستقبل القبلة ولا یولھا ظھرہ شرّقوا، او غرّبوا.“ یعنی جب تم میں سے کوئی بیت الخلاء میں آئے تو قبلہ کو نہ منہ کرے اور نہ پیٹھ کرے، مشرق یا مغرب کو منہ کرے۔ (صحیح البخاری، كتاب الوضوء، باب لا تستقبل القبلة بغائط او بول...، جلد:1، صفحة:26، الحديث:144)
شارحِ بخاری مفتی شریف الحق امجدی رحمة اللہ تعالى علیه فرماتے ہیں: ”احناف کا مسلک یہ ہے کہ قضاءِ حاجت کے وقت قبلہ کی جانب منہ کرنا یا پیٹھ کرنا، جائز نہیں، خواہ گھر کے اندر ہو یا میدان میں اور یہی مذہب راویِ حدیث حضرت ابو ایّوب (رضی اللہ عنہ) اور امام مجاہد اور امام نخعی وسفیان ثوری اور ابو ثور صاحبِ شافعی اور ایک روایت کے مطابق امام احمد کا بھی ہے، احناف کی مستدَل یہ حدیث ہے اور اس کے علاوہ دوسری حدیثیں بھی ہیں۔ (نزھة القاری، کتاب الوضوء، جلد:1، صفحة:464)
تنوير الأبصار مع الدر المختار میں ہے:”(كره) تحريماً (استقبال قبلة واستدبارها) لأجل (بول أو غائط)... (ولو في البنيان) لإطلاق النهي (فإن جلس مستقبلاً لها) غافلا (ثم ذكره انحرف) ندباً لحديث الطبري «من جلس يبول قبالة القبلة فذكرها فانحرف عنها إجلالاً لها لم يقم من مجلسه حتى يغفر له» (إن أمكنه وإلا فلا) بأس.“ یعنی پیشاب پاخانہ کے لیے قبلہ کی طرف منہ یا پیٹھ کرنا مکروہِ تحریمی ہے ، اگرچہ چار دیواری میں ہو ، ممانعت کے مطلق ہونے کی وجہ سے ۔ تو اگر بھولے سے قبلہ رخ بیٹھ گیا ، پھر یاد آیا ، اگر رخ پھیرنا ممکن ہو ، تو مستحب ہے کہ پھیر لے ، طبری کی روایت کی گئی اس حدیث کی وجہ سے کہ ”جو قبلہ رخ پیشاب کرنے بیٹھا، پھر یاد آنے پر قبلے کی تعظیم کے لیے رخ پھیر لیا، اس کے اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلے اس کے گناہ بخش دیے جائیں گے“ اور اگر رخ پھیرنا ممکن نہ ہو، تو کوئی حرج نہیں۔ ( تنوير الأبصار مع الدر المختار، كتاب الطهارة، باب الأنجاس، الجزء الأول، صفحة:554، مطبوعہ دار عالم الكتب، رياض، ملخصاً)
فتاویٰ عالمگیری میں ہے:”وكره استقبال القبلة بالفرج في الخلاء واستدبارها وإن غفل وقعد مستقبل القبلة يستحب له أن ينحرف بقدر الإمكان كذا في التبيين، ولا يختلف هذا عندنا في البنيان والصحراء كذا في شرح الوقاية.“ (الفتاوى الهندية، كتاب الطهارة، باب النجاسة وأحكامها، الفصل الثالث في الاستنجاء، الجزء الأول، صفحة:55، مطبوعہ دار الكتب العلمية، بيروت)
فتاویٰ رضویہ میں ہے:”پیشاب کے وقت مُنہ نہ قبلہ کو ہونا جائز ہے نہ پشت، جو لوگ ایسا کریں خطاکار ہیں مہتممین مسجد یا اہلِ محلّہ پر واجب ہے کہ اُن کا رُخ جنوبًا شمالًا کریں اور جب تك ایسا نہ ہو پیشاب کرنے والوں پر لازم ہے کہ رُخ بدل کر بیٹھیں۔“ (فتاویٰ رضویہ، جلد:4، صفحہ:601، مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن دعوت اسلامی)
بہارِ شریعت میں ہے:”پاخانہ یا پیشاب پھرتے وقت یا طہارت کرنے میں نہ قِبلہ کی طرف مونھ(مُنہ) ہو نہ پیٹھ اور یہ حکم عام ہے چاہے مکان کے اندر ہو، یا میدان میں اور اگر بھول کر قِبلہ کی طرف مونھ یا پُشت کر کے بیٹھ گیا، تو یاد آتے ہی فوراً رُخ بدل دے اس میں امید ہے کہ فوراً اس کے لیے مغفرت فرما دی جائے۔“ (بہارِ شریعت، استنجے کا بیان، جلد:1، حصہ دوم، صفحہ:408، مطبوعہ مجلس المدينة العلمية دعوت اسلامی)
شیخِ طریقت امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:”اپنے گھر وغیرہ کے ڈبلیو سی (W.C.) اور فوّارے (SHOWER) کا رخ پَرکار یا کسی آلے کے ذریعے معلوم کر کے دیکھ لیجیے، اگر غلط ہو، تو اس کی اصلاح فرما لیجیے۔ زیادہ احتیاط اس میں ہے کہ W.C. قبلہ سے 90 کے درجے پر یعنی نماز پڑھنے میں سلام پھیرنے کے رخ کر دیجیے۔ مِعمار عموما تعمیراتی سہولت اور خوبصورتی کا لحاظ کرتے ہیں، آدابِ قبلہ کی پرواہ نہیں کرتے۔ مسلمانوں کو مکان کی غیر واجبی بہتری کے بجائے آخِرت کی حقیقی بہتری پر نظر رکھنی چاہیے۔“ (نماز کے احکام، صفحہ:114، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی)
غسل کے آداب کے متعلق درمختار میں ہے:” وآدابه کآدابه سوی استقبال القبلة لأنه یکون غالباً مع کشف عورۃ.“ یعنی اور اس کے آداب، وضو کے آداب کی طرح ہیں سوائے استقبال قبلہ کے کیونکہ غسل غالب طور پر کشف عورت کے ساتھ ہوتا ہے۔ (در مختار مع رد المحتار، جلد:1 ،صفحة:319 ، 320، مطبوعہ مکتبۃ رشیدیہ ،کوئٹہ)
غسل کے دوران قبلے کی جانب رخ کرنے کے متعلق ”حاشية الطحطاوي“ میں ہے:” مثل (آداب الوضوء) وقد بيناها (إلا أنه لا يستقبل القبلة) حال اغتساله (لأنه يكون غالبا مع كشف العورة) فإن كان مستورا فلا بأس به.“ یعنی غسل کے آداب مثل وضو ہیں ہم نے بیان کر دیا ہے کہ غسل کرتے وقت قبلہ کی طرف مونھ نہیں کرے گا کیونکہ غالب طور پر ستر عورت کھلا ہونے کی حالت میں غسل کیا جاتا ہے اگر ستر عورت چھپا ہو تو پھر کوئی حرج نہیں ہے۔ (حاشية الطحطاوي على مراقى الفلاح، کتاب الطھارۃ، فصل وآداب الغسل، صفحہ:105، دار الكتب العلمية، بيروت)
رد المحتار میں ہے:”مر في الغسل أن من آدابه أن لا يستقبل القبلة لأنه يكون غالباً مع كشف العورة، حتى لو كانت مستورة لا بأس به.“غسل کے بیان میں گزر چکا ہے کہ غسل کے آداب میں سے ہے کہ قبلہ کی طرف رخ نہ کرے، کیونکہ غالب طور پر ستر عورت کھلا ہونے کی حالت میں غسل کیا جاتا ہے البتہ اگر ستر عورت چھپا ہو تو پھر کوئی حرج نہیں ہے۔ (رد المحتار على الدر المختار، كتاب الطهارة، باب الأنجاس، الجزء الأول، صفحة:554، مطبوعہ دار عالم الكتب، رياض)
وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "قبلہ کی طرف پیٹھ کر کے بیت الخلاء میں بیٹھ سکتے ہیں یا نہیں؟ اور غسل خانے میں نہاتے وقت ستر کس طرف ہونا چاہیے کیا قبلے کی جانب پیٹھ یا رخ کر سکتے ہیں؟"
Post a Comment