عصر حاضر میں مروجہ اصطلاح بریلویت
سگِ طیبہ: محمد کونین صدیقی مصباحی۔
رئیس القلم علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ کے مضامین کا گراں قدر مجموعہ"دور حاضر میں بریلوی اہل سنت کا علامتی نشان" جو "مکتبہ حبیبیہ لاہور" سے شائع کردہ ہے، جس میں پیش لفظ، بآواز قلبی، تسکین روحی، اصلاحِ سنی اور اقرارِ بریلوی "شیخ الاسلام سید شاہ محمد مدنی، اشرفی، جیلانی، کچھوچھوی" معروف بہ" مدنی میاں" نے تحریر فرمائی ہے، جو منظور خاطر ہے، جس میں عصر حاضر کے عوام و خواص کو بریلوی کہنے پر بلا توقف؛ باعث افتخار ہونی چاہیے کا تحقیقی جائزہ بیان کیا، لفظ بریلوی جو مسلک امام اعظم، شافعی، مالکی اور حنبلی کا جامع اور علامتی نشان ہے، جس کی شناخت قاسم النعم ﷺ نے "ما انا علیہ و اصحابی" سے کروائی، اور "ید اللہ علی الجماعت" فرما کر سواد اعظم کا اعزاز بخشا اسی منفرد المثال "اہل سنت و جماعت سنی صحیح العقیدہ" کا امتیازی اور تجدیدی نام "بریلوی" ہے، بریلوی ہونے کے لیے ایمان کی سلامتی، عقیدے کی پختگی، مذہب کی درستگی ہونی لازم ہے، اللّٰہ وحدہ لاشریک کو جملہ عیوب و نقائص سے پاک و منزہ، حضور جذب قلوب خلائق ﷺ کو خاتم النبیین، صادق و امین، علیم اور معصوم عن الخطا، صحابہ، تابعین، آئمۂ مجتہدین اور سلف صالحین کے عقیدے کی تائید، اقرار بالسان و تصدیق بالقلب سے کرنا بریلویت ہے، اس سے جس نے روگردانی کی وہ گمراہ ہوا،
بریلوی جو جملہ فرقۂ باطلہ کا تضاد اور خط امتیاز ہے، بریلویت جو امام علم و فن، امام عشق و محبت، قاطع کفر و ضلالت، مرجعِ اہل سنت و جماعت، ظلِ مسلک امام اعظم، صاحبِ کتب کثیرہ، حامی سنت ماحی بدعت، سیدی، سندی، مرشدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری، برکاتی، فاضلِ بریلوی علیہ الرحمۃ و الرضوان کی جانب منسوب کیا جاتا ہے، بریلوی جدید نام سن کر نئے فرقے کے تصور کی کج فہمی مت کرنا، بلکہ یہ سلف صالحین، ائمۂ مجتہدین اور مسالک اسلاف کے عقائد و نظریات اور ارشادات کی ترجمانی کرتا ہے، نیز جس کا ثبوت ان کی ہر تحریر کتاب اللہ، سنن رسول اللہﷺ، اجماع علما اور قیاس کی حقیقی شاہد ہے،
لہذا بریلوی ہونے کے لیے "فاضل بریلوی" تک علمی، نسبی، بیعت و ارادت کا سلسلہ یا شہر بریلوی میں منزل گزیں ہونا ضروری نہیں، بلکہ ہر وہ شخص بریلوی ہے؛ جو اہل سنت و جماعت سنی صحیح العقیدہ کے موافق اپنا عقیدہ رکھتا ہو،
ازیں سبب جس سنی صحیح العقیدہ نے خواب میں بھی بریلی شریف نہ دیکھا ہو وہ بھی "بریلوی" ہے،
یہی وجہ ہے کہ شیخ الاسلام علامہ مدنی میاں دام ظلہ مذکورہ کتاب کے ص: ۱۱ میں رقمطراز ہیں: کہ اب میں الحمد للّٰہ مسلکاً حنفی، نسبتاً جیلانی، مشرباً اشرفی اور وطناً کچھوچھوی ہونے کے باوجود اپنے کو بریلوی کہتے ہوئے فخر محسوس کرتا ہوں...
بحمدہ سبحانہ تعالیٰ میں بھی بریلوی ہوں جس پر مجھے ناز ہے، ہم سنی بریلوی تھے، ہم سنی بریلوی ہیں، ہم سنی بریلوی ہی رہیں گے، رب تعالیٰ ہمیں اہل سنت و جماعت یعنی مسلک اعلیٰ حضرت پر استقامت دے اور اسی سچے مسلک پر موت عطا فرمائے۔
🤲🏻🤍
--------------------------------------------------------------------------------------------------------------------
مزید پڑھیں 👇🏻

