نیک شوہر کی صفات


نیک شوہر کی صفات

نیک شوہر کی صفات

از قلم: محمد ذیشان رضوی 

عورت کے ولی پر لازم ہے کہ وہ اس کے لیے ایسا مرد منتخب کرے جو نیک اور دین دار ہو، خواہ وہ فقیر ہی کیوں نہ ہو۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:  "إِن يَكُونُوا فُقَرَاءَ يُغْنِهِمُ اللَّهُ مِن فَضْلِهِ وَاللَّهُ وَاسِعٌ عَلِيمٌ"
اگر وہ فقیر ہوں تو اللہ انہیں غنی کردے گا اپنے فضل کے سبب اور اللہ وسعت والا علم والا ہے۔ [سورہ النور: 32]

سیدنا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "ثلاثة حق على الله عز وجل عونهم: المكاتب يريد الأداء، والناكح الذي يريد العفاف والمجاهد في سبيل الله"
تین آدمیوں کی مدد اللہ کے نزدیک ثابت ہے، ایک اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والا، دوسرا وہ مکاتب غلام جو زرکتابت ادا کرنا چاہتا ہو، اور تیسرا وہ شادی کرنے والا جو پاکدامنی حاصل کرنا چاہتا ہو۔ [سنن الترمذی: 1655 وسندہ حسن، وقال الترمذی: حدیث حسن]

کبھی ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص فقیر ہوتا ہے مگر دین دار ہوتا ہے، اور کبھی کوئی مال دار ہوتا ہے مگر دین سے خالی ہوتا ہے۔ اس لیے عورت کے ولی کو اچھی طرح دیکھ لینا چاہیے کہ وہ اسے کہاں دے رہا ہے اور کس کے سپرد کر رہا ہے۔
نبی کریم ﷺ نے نکاح کے معاملے میں دین دار شخص کو مال دار پر مقدم رکھا۔ چنانچہ جب فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا آپ ﷺ کے پاس آئیں اور عرض کیا کہ ابو جہم اور معاویہ بن ابی سفیان نے انہیں نکاح کا پیغام دیا ہے، تو آپ ﷺ نے فرمایا: "أما معاوية فرجل ترب لا مال له، وأما أبو جهم فرجل ضراب للنساء، ولكن أسامة بن زيد"

معاویہ تو ایک ایسے آدمی ہیں جو بالکل تنگ دست ہیں، ان کے پاس مال نہیں۔ اور ابو جہم ایسے شخص ہیں جو عورتوں کو بہت مارتے ہیں۔ لیکن تم اسامہ بن زید سے نکاح کر لو۔
"فقالت: بيدها هكذا اسامة اسامة، فقال لها رسول الله صلى الله عليه وسلم: طاعة الله وطاعة رسوله خير لك، قالت: فتزوجته، فاغتبطت."
تو انہوں نے (ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے) اپنے ہاتھ سے اس طرح اشارہ کیا اور کہا: اسامہ! اسامہ!
اس پر رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت تمہارے لیے بہتر ہے۔
وہ کہتی ہیں: چنانچہ میں نے ان (اسامہ) سے نکاح کر لیا، اور میں اس نکاح پر خوش اور مسرور رہی۔ [صحیح مسلم: 3712]

تنبیہ: صحابہ کرام سب کے سب عادل، صاحبِ فضل اور دین دار ہیں، لیکن نبی کریم ﷺ نے ان تینوں میں سے اس کے لیے زیادہ بہتر شخص کا انتخاب فرمایا۔ [آداب الخطبۃ والزفاف ص 42،43]

--------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

مزید پڑھیں 👇🏻 

نیک بیوی کی صفات


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.