لنگڑا مینا مگر بلند ہمت پرندہ


مینا پرندہ Myna bird


لنگڑا مگر بلند ہمت پرندہ

محمد اسلم ساقی مصباحی

کٹیہار، بہار
-------------------------------------------------------==========================================

مینا پرندہ 

اللہ تعالی کی مخلوقات اتنی کثیر اور وافر مقدار میں ہیں کہ جن کا استقصا ہماری دسترس سے باہر ہے۔ اُنھی بے شمار مخلوقات میں سے ایک مخلوق، تصویر میں موجود یہ پیارا سا پرندہ ہے۔ جس کو‌ ہمارے یہاں "مَینا" کہا جاتا ہے۔ یہ پرندہ حسن و جمال اور خوش آوازی میں دیگر بہت سے پرندوں سے فائق و برتر ہے۔ اس کی نوا سنجی اتنی دلکش اور پُر لطف ہوتی ہے کہ گھنٹوں سننے کے بعد بھی ملالت و بوریت کا احساس نہیں ہوتا ہے۔

مشاہدہ کی روشنی میں 

کل صبح جب میں جامعہ اشرفیہ کے لیے "دالخولہ اسٹیشن" پر غریب نواز ایکسپریس میں بیٹھا تو والدِ محترم کو گھر واپس ہوتے ہوئے حسرت بھری نگاہوں سے دیکھنے لگا، جو کہ میری مشایعت کے لیے آئے ہوئے تھے۔ میری نگاہوں سے والدِ محترم کے اوجھل ہوتے ہی، ناگہاں اس پرندے پر میری نظر پڑی، جو ایک پیر سے معذور تھا مگر بلند ہمت اور مضبوط حوصلہ۔ اُس کی خود اعتمادی اور خود کفالتی قوتِ عمل اور فعالیت سے عیاں تھی۔ یہ پرندہ تنہا نہیں تھا بلکہ اپنے ہمجولیوں کے ساتھ اُن کے شانہ بشانہ چل رہا تھا۔ جہاں ایک طرف ان کے ہمراہی دانہ چن رہے تھے وہیں دوسری طرف یہ خود تلاشِ رزق میں مصروفِ عمل تھا۔ اُس مدت میں نہ اُس نے اپنے معذور ہونے کا شکوہ کیا اور نہ ہی اپنے ہم رکابوں کے سامنے دستِ سوال دراز کیا۔ وہ لنگڑا ہوتے ہوئے بھی اپنے ساتھیوں سے کہیں زیادہ سرگرمِ عمل تھا۔ کچھ دیر تک میں اس پرندے کی جد وجہد اور تگ ودو کو بغور دیکھتا رہا۔ پھر حیرت کے گرداب میں مبتلا ہوکر دنیائے افکار کی سیر کرنے لگا۔


دیکھتے ہی دیکھتے خیالات کے ہجوم میں عقل و خرد نے اشرف المخلوقات کہے جانے والے معذور و مجبور انسانوں کے ساتھ اس پرندہ کا موازنہ شروع کر دیا۔ دیکھیے! کہ انسان معمولی عذر پر غیر معمولی آہیں بھرنے لگتا ہے۔ اپنے جسم کے کسی عضو کے ناتمام ہونے پر کس عجلت و سرعت کے ساتھ چوکھٹوں پر ہاتھ پھیلانے کا خوگر بن جاتا ہے۔ مرض وغیرہ کی شکل و صورت میں کسی آزمائش میں مبتلا کیے جانے پر بجائے صبر و تحمل کے شکوہ گزاری اور گِلہ مندی کا مظاہرہ کرنے لگتا ہے۔ اور بعض ناہنجار و ناعیار ایسے ہوتے ہیں کہ سالم الاعضا بلکہ ہر اعتبار سے بہتر ہونے کے باوجود فقیری کا لبادہ اوڑھ لیتے ہیں۔ اور سادہ لوح عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر بآسانی بڑی بڑی رقوم وصول لیتے ہیں۔ بعض تکاسل و تساہل کا شکار ہوکر چوک چوراہے پر تودۂ خاک بنے پڑے رہتے ہیں، اور لوگوں کے آگے سوال کا دست دراز کرتے ہیں۔


مگر اس پرندہ کا معاملہ انسانوں سے بالکل بر عکس ہے، کہ ایک پیر سے معذور ہونے کے باوجود خود مختار ہے کسی کا محتاج نہیں۔ اللہ کا فضل خود تلاش کر رہا ہے۔ کسی کی آس میں معطل بیٹھا نہیں ہے اور نہ ہی لنگڑا ہونے پر شرم و عار محسوس کر رہا ہے۔ بلکہ اللہ نے جو دیا ہے اُس پر رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی زندگی آپ ہی بسر کر رہا ہے۔


یقیناً دنیا کی ہر شئ بنی نوعِ انسان کے لیے سبق آموز ہے۔ گرد و نواح کی ہر شئ ہمیں کچھ نہ کچھ سکھانا چاہتی ہے۔ ضرورت صرف تفكيری صلاحیت کو بیدار کرنے اور تخیلاتی پرواز کو بلند کرنے کی ہے۔ ساتھ ہی عمیق نگاہی، باریک بینی، بختہ خیالی اور دقّتِ نظری کی شراب ارغوانی نوش کرنے کی حاجت ہے۔ پھر ہر ذرّے میں انسانوں کے لیے موجود پیغام ہمارے سامنے واشگاف ہو جائیگا۔

بلآخر: انسان کو چاہیے کہ مصائب و آلام کے اوقات میں شکوے کی آہ نہ بھرے۔ بلکہ سلف صالحین کی طرزِ زندگی کو اپنا کر صبر و تحمل اور حلم و بردباری کا مظاہرہ کرے۔ اور ہرگز زبان سے ایسے کلمات صادر نہ ہونے پائے، جن کی بابت شریعت اسلامی میں ممانعت وارد ہے۔ مثلاً: اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ساری آفات و بلیات میرے ہی سر ڈال دی ہے، وغیرہ۔ بالخصوص وہ افراد جو کسی عضو بدن سے معذور تو ہے، مگر عذر اس قدر نہیں جو ذاتی محنت و مشقت سے مالی اکتساب کی راہ میں رکاوٹ بنے، مگر پھر بھی وہ اپنے وجود کی بقا دستِ سوال دراز کرنے پر منحصر سمجھے تو ایسے لوگوں کو اس پرندہ کی فاتحانہ فعالیت اور فاخرانہ سرگرمی سے عبرت و موعظت حاصل کرنی چاہیے۔ ہماری حد درجہ کوشش یہ رہے کہ ہم خود کفیل بن کر غربا و مساکین کی کفالت کریں۔ نہ یہ کہ خود محتاجی کا جامہ پہن کر دوسروں کے کندھوں کا بار گراں بن جائیں۔

اللہ رب العزت ہمیں دوسروں کا سہارا اور وسیلہ بننے کی توفیق بخشے۔ اور ہمارے وجود میں خود اعتمادی اور خود کفالتی کا عنصر پیدا فرمائے۔ آمین یارب العالمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم۔

----------------------------------------------------------==========================================

مزید پڑھیں 👇🏻 

عالم کو برا کہنے والے کا حکم پڑھنے کے لیے 


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.