ہمبستری کے متعلق مکمل سوال و جواب


Married questions, ہمبستری کے مسائل، Sexual intercourse problems questions



ہمبستری کے بارے میں سوال جواب:


*بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ*
◆ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ۩۞۩ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ◆


عوام اکثر اور بعض خواص ہمبستری کے متعلق غلط فہمی کے شکار ہوتے ہیں اور پھر پوچھنے میں عار محسوس کرتے ہیں، اسی بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ مَقالہ لکھنے کی توفیق ہوئی جس کا ثمرہ ”ہمبستری کے بارے میں سوال جواب“ کی صورت میں آپ کے پیشِ نظر ہے۔

نوٹ:  بخوفِ طوالت مختصر جوابات لکھے ہیں اگر کسی کو مُدلل ومُفصل جواب مطلوب ہو تو رابطہ کر سکتے ہیں۔

(1) ہمبستری کا اسلامی طریقہ کیا ہے؟

جواب:  بیوی سے ہمبستری کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ جو وقت تمام شرعی ممانعتوں سے خالی ہو اس میں اچھی نیتوں یعنی نیک اولاد حاصل کرنے ،اُمتِ مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں کثرت کرنے ،عورت کے ادائے حق اور اسے اور اپنے آپ کو پریشان خاطری و پریشان نظری سے بچانے کی نیت کے ساتھ ہمبستری کرے، نہ خود پورا برہنہ ہو اور نہ عورت کو مکمل برہنہ کرے کہ حدیث پاک میں ممانعت فرمائی گئی ہے ۔نیز اس حالت میں نہ منہ قبلہ کی طرف ہو اور نہ پیٹھ، اب عورت چت لیٹے اور مرد اکڑوں بیٹھے اور بوس وکنار اور ملاعبت سے شروع کرے اور اسے متوجہ پائے تو دُعا پڑھے اور آغاز کرے اور فارغ ہونے کے بعد فوراً جدا نہ ہو بلکہ عورت کی حاجت پوری ہونے کابھی لحاظ رکھے۔

اس بات کابھی خیال رہے کہ دُعا پڑھتے وقت ستر کھلا ہوا نہ ہو ورنہ دل میں دُعا پڑھی جائے اور برہنہ حالت میں بلا ضرورت ایک دوسرے کی شرمگاہ کو دیکھنے سے بچا جائے کہ حدیث پاک میں ممانعت فرمائی گئی ہے اور فرمایا کہ یہ اندھا ہونے کاسبب ہے ۔ اور اس وقت کلام بھی نہ کریں کہ مکروہ ہے۔ (دار الافتاء اہلِ سنت، دعوت اسلامی)

(2) عورت کے پچھلے مَقام (دُبُر) میں وطی کرنا کیسا ہے؟

جواب: عورت کی دُبُر  (پاخانہ خارج ہونے کی جگہ) میں وطی کرنا تمام دینوں میں حرام ہے اسلام میں حرام قطعی کہ اس کا مُنکِر کافر ہے اس کا مرتکب فاسق و فاجر۔ (مرآۃ المناجیح، ج:5، ص:)

(3) کنڈوم   کا استعمال کرنا کیسا ہے؟

جواب:کنڈوم کا استعمال عزل کے حکم میں ہے اور عزل کے معنی ہیں انزال کے وقت عورت سے علاحدہ ہو جانا اور باہر منی نکالنا ہے، تاکہ حمل قائم نہ ہو لونڈی میں تو بہرحال جائز ہے اور اپنی آزاد منکوحہ عورت میں بیوی کی اجازت سے جائز ہے بلااجازت مکروہ یہ ہی عام علماء و عام صحابہ کا مذہب ہے۔(مرقات المفاتیح، ج:6، ص:314)

(4) حالتِ حیض (ماہواری) میں بیوی سے صحبت کر سکتے ہیں؟

جواب:    نہیں! حالتِ حیض و نِفاس میں صحبت کرنے کی قطعاً اجازت نہیں، حرام ہے۔ بلکہ شوہر کے لیے عورت کے ناف سے گھٹنے تک کے حصے کو اپنے کسی بھی عضو سے بلا حائل چھونا، با شہوت یا بلا شہوت چھونا ناجائز ہے۔ ہاں ناف سے اوپر اور گھٹنے سے نیچے چھونے یا کسی طرح کا نفع لینے میں کوئی حَرَج نہیں۔ یوہیں بوس وکنار بھی جائز ہے۔ (بہارِ شریعت، ج:1، ص:382)

(5) تو کیا حالت حیض میں مرد اپنا آلہ تناسُل عورت کے پستان سے رگڑ کر فراغت حاصل کر سکتا ہے؟


جواب:       اگر عورت حیض کی حالت میں ہو، مرد کو شہوت کا پریسر ہو کہ زنا ہونے کا خوف ہو تو پیٹ پر رگڑنا جائز ہے۔ (فتاویٰ افریقہ، ص:145) اسی طرح پستان پر بھی جائز ہونا چاہیے کہ حالتِ حیض میں ناف سے اوپر اور گھٹنے سے نیچے چھونے یا کسی طرح کا نفع لینے میں کوئی حَرَج نہیں۔

(6) کھڑے ہو کر مُباشَرَت کرنا کیسا ہے؟


جواب:        عورت سے ہر طرح ہم بستری جائز ہے لیٹ کر، بیٹھ کر ، کھڑے کھڑے ، بشرطیکہ صحبت اگلے مقام میں ہو کیونکہ یہی راستہ کھیتی یعنی اولاد کا ثمرہ حاصل کرنے کا ہے۔ (صراط الجنان، البقرہ، آیت:223) یوں ہی بیوی کے پیچھے سے آگے والے مقام میں کرنا، دائیں یا بائیں لیٹ کر کرنا بھی جائز، بہتر طریقہ یہ ہے کہ بیوی نیچے ہو اور مرد اوپر ہو۔ لیکن کھڑے ہو کر کرنے سے بچنا چاہئے کہ اولاد کا بے وقوف ہونے کا خطرہ ہے۔ بعض معتمد علمائے دین نے فرمایا کہ:”کھڑے کھڑے مُباشَرَت کرنے سے اگر عورت کو حمل قرار پا جائے تو اولاد بد دماغ اور بے وقوف ہوگی یا پیدائشی طور پر نیم پاگل پیدا ہوگی۔“ (قرینہ زندگی، ص:102)

(7) حاملہ کے ساتھ ہمبستری کرنا کیسا ہے؟


جواب:      حالتِ حمل میں صحبت کرنا ہے تو شرعاً جائز لیکن طبی اعتبار سے کوئی بات ہو تو الگ بات ہے،۔   ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں۔ (فتاویٰ بحر العلوم، ج:1، ص:80 ملخصاً)

(8) عورت کا دودھ پینا کیسا ہے؟

جواب:       عورت کا دودھ چومنے میں اصلا حرج نہیں رہا پستان کو مُنہ میں دبانا ، تو اس کا حکم بھی ایسا ہی ہے جب کہ بیوی دُودھ والی نہ ہوِ اور اگر وُہ دُودھ والی ہے اور مرد اس بات کا لحاظ رکھے کہ دودھ کا کوئی قطرہ اس کے حلق میں داخل نہ ہونے پائے تو بھی حرج نہیں ، اور اگر اُس دُودھ میں سے جان بُوجھ کر کچھ پیا تو یہ پینا حرام ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، ج:12، ص:268)

(9) کیا عورت کو مُشت زنی کرنے کی اجازت ہے؟


جواب:     ہرگز نہیں، مرد یا عورت کا مُشت زنی (‌Hand practice) کرنا حرام ہے، ایسا کرنے والے پر حدیثِ مُبارَکہ میں لعنت کی گئی ہے۔ (قومِ لوط کی تباہ کاریاں، ص:31)

(10) عورت کی شرمگاہ دیکھنا یا چھونا کیسا ہے؟

جواب:   میاں بیوی میں کوئی پردہ نہیں ہے لہذا مرد و عورت وقتِ جماع ایک دوسرے کی شرمگاہ کو مس کرنے میں کوئی حرج نہیں البتہ دیکھنے کی ممانعت ہے کہ نظر جانے کا اندیشہ ہے۔ اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:”:زوجین کا وقتِ جماع ایك دُوسرے کی شرمگاہ کو مس کرنا بلاشبہ جائز بلکہ بہ نیتِ حسنہ مستحق و موجب اجر ہے کماروی عن نفس سیّدنا الامام الاعظم رضی تعالٰی عنہ(جیسا کہ خود ہمارے سردار امام اعظم رضی اﷲتعالٰی عنہ سے روایت کیا گیاہے۔)مگر اُس وقت رؤیتِ فرج سے حدیث میں ممانعت فرمائی اور فرمایا : فانہ یورث العمی وہ نابینائی کا سبب ہوتا ہے۔ علمائے کرام نے فرمایا کہ محتمل ہے کہ اس کے اندھے ہونے کاسبب ہو یا وُہ اولاد اندھی ہو جو اس جماع سے پیدا ہو یا معاذ اﷲ دل کا اندھا ہونا کہ سب سے بدتر ہے۔ (فتاویٰ رضویہ، ج:12، ص:271)


(11) دن میں ہمبستری کر سکتے ہیں؟

جواب: جی ہاں! رات کی طرح دن میں بھی ہمبستری کر سکتے ہیں کیونکہ شریعت میں اس کی کوئی خاص قید نہیں۔ جبکہ اور کوئی وجہ مانع مباشرت نہ ہو۔


(12) کیا ایک رات میں تین بار ہمبستری کرنا جائز ہے؟

جواب:     جی ہاں! ایک رات میں تین بار مُباشَرَت کرنے میں شرعاً ممانعت تو نہیں لیکن زیادہ مُباشَرَت کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس لیے میانہ روی اختیار کرے۔

(13) برہنہ مُباشَرَت کرنا کیسا ہے؟

جواب:           برہنہ مُباشَرَت کرنا جائز تو ہے لیکن ادب کے خلاف ہے شرم وحیا کا تقاضا یہی ہے کہ دوران صحبت چادر اوڑھ لیں۔
حدیث شریف میں ہے:”عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ: مَا نَظَرْتُ -أَوْ مَا رَأَيْتُ - فَرْجَ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَطُّ“ یعنی روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں کہ میں نے رسول ﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کا ستر کبھی نہ دیکھا۔
اس کی شرح میں مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں:”بعض روایات میں ہے کہ نہ میں نے حضور کی کبھی شرمگاہ دیکھی نہ حضور نے میرا ستر کبھی دیکھا یہ ہے اس سید المحبوبین کی شرم و حیاء۔خیال رہے کہ زوجین ایک دوسرے کے شرمگاہ دیکھ سکتے ہیں یہ دیکھنا زیادتی شہوت کا باعث ہے اس میں شرعًا کچھ حرج نہیں مگر اس سے نگاہ کمزور ہوتی ہے نیز یہ عمل اعلیٰ قسم کی شرم کے خلاف ہے اس لیے حضور کا اس پر عمل رہا ۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ بوقت صحبت دونوں کے بالکل ننگے ہونے اور ایک دوسرے کو دیکھ کر صحبت کرنے سے اولاد بے شرم پیدا ہوتی ہے اور صحبت کی حالت میں باتیں کرنے سے اندیشہ ہے کہ اولاد گونگی ہو حضور کے اعمال شریف میں لاکھوں حکمتیں ہیں۔“ (مرآۃ المناجیح، ج:5، حدیث:3123)

(14) عورت کا مرد کے آلہ تناسُل اور مرد کا عورت کی شرمگاہ کو چومنا کیسا ہے؟

جواب:      چومنے کی اجازت نہیں ہے یہ انسانی تہذیب کے خلاف اور بہت قبیح فعل ہے۔ الحمد للہ ہمارا اسلام ہر جگہ ہماری رہنمائی کرتا ہے اور ہم مسلمان ہیں تو ہمارا ہر قول و فعل شریعت کے مطابق ہونا چاہیے۔ اس عمل میں بے حیائی، جانوروں سے مشابہت، شرعی حدود کو کراس کرنا پایا جاتا ہے۔ سوچئے! ہمارا چہرہ اشرف الاعضاء ہمارا منہ جس سے ہم تلاوتِ قرآن اور درود شریف پڑھتے ہیں اسی منہ سے گندی جگہ کو چومیں، یہ مومن کو کیوں کر گوارا ہو سکتا ہے۔ کچھ لوگ تو چاٹتے بھی ہیں یہ سب ناجائز ہے۔

(15) ہنی مون پر جانا کیسا ہے ؟

جواب:         فی زمانہ ہنی مون پر نہ جانے میں ہی عافیت ہے کیونکہ آج کل میاں بیوی نئی نئی شادی کے بعد ہنی مون پر جا کر ہوٹلوں میں ٹھہرنا، پارکوں میں تفریح کرنا، بے پردگی، مرد و عورت کا اختلاط یوں کئی گناہوں کا دروازہ کھلتا ہے، اس طرح دیگر ٹراولز پر جانا بھی جائز نہیں اور اگر سفر کے تمام شرعی تقاضوں کا پورا کیا جائے اور وہ جگہ منکرات شرعیہ سے پاک ہو تو ہنی مون پر بھی جانے کو منع نہیں کیا جائے گا۔

(16) ربڑ کی بنی لڑکی سے مُباشَرَت کر سکتے ہیں؟
جواب:       جی نہیں! شریعت میں صرف بیویوں اور شرعی باندیوں سے جائز طریقے کے ساتھ شہوت پوری کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ شہوت پوری کرنے کی دیگر صورتیں جیسے مرد کا مرد سے، عورت کا عورت سے، شوہر کا بیوی یا شرعی باندی کے پچھلے مقام سے، اپنے ہاتھ سے شہوت پوری کرنا حرام ہے۔

قرآن پاک میں ہے:”فَمَنِ ابْتَغٰى وَرَآءَ ذٰلِكَ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْعٰدُوْنَۚ“ ترجمہ کنز الایمان: تو جو ان دو کے سوا کچھ اور چاہے وہی حد سے بڑھنے والے ہیں۔ یعنی جو بیویوں اور شرعی باندیوں کے علاوہ کسی اور ذریعے سے شہوت پوری کرنا چاہے تو وہی حد سے بڑھنے والے ہیں کہ حلال سے حرام کی طرف تَجاوُز کرتے ہیں۔ (تفسیر صراط الجنان، المؤمنین، آیت:7)


(17) کیا شادی کے بعد جماع کرنا ضروری ہے؟

جواب:        ”ایک مرتبہ جماع قضاءً واجب ہے اور دیانۃً یہ حکم ہے کہ گاہے گاہے(یعنی کبھی کبھی) کرتا رہے اور اس کے لیے کوئی حد مقرر نہیں مگر اتنا تو ہو کہ عورت کی نظر اوروں کی طرف نہ اُٹھے اور اتنی کثرت بھی جائز نہیں کہ عورت کو ضرر پہنچے اور یہ اس کے جُثّہ(جسم، جسامت) اور قوت کے اعتبار سے مختلف ہے۔“ (بہارِ شریعت، ج:2، ح:7، ص:95)


(18) اگر کسی کو شہوت کا غلبہ ہو اور اس کے پاس بیوی بھی نہ ہو تو کیا مُشت زنی کر سکتا ہے؟

جواب:        مُشت زنی کرنا سخت ناجائز وحرام اور ناپاک عمل ہے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:”فَمَنِ ابْتَغٰى وَرَآءَ ذٰلِكَ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْعٰدُوْنَۚ“ ترجمہ کنز الایمان:تو جو ان دو کے سوا کچھ اور چاہے وہی حد سے بڑھنے والے ہیں۔
اس آیت کے تحت *خزائن العرفان* میں ہے:”مسئلہ: اس سے معلوم ہوا کہ ہاتھ سے قضائے شہوت کرنا حرام ہے۔“ (خزائن العرفان، المؤمنین، آیت:7)
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ مشت زنی کرنے پر قیود ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:”ہاں اگر کوئی شخص جوان تیز خواہش ہو کہ نہ زوجہ رکھتا ہو نہ شرعی کنیز اور جوش شہوت سخت مجبور کرے اور اس وقت کسی کام میں مشغول ہو جانے یا مردوں کے پاس جا بیٹھنے سے بھی دل نہ بٹے غرض کسی طرح وہ جوش کم نہ ہو یہاں تك کہ یقین یاظنِّ غالب ہو جائے کہ اس وقت اگر یہ فعل نہیں کرتا تو حرام میں گرفتار ہو جائے گا تو ایسی حالت میں زنا ولواطت سے بچنے کے لئے صرف بغرضِ تسکینِ شہوت، نہ کہ بقصدِ تحصیلِ لذت و قضائے شہوت اگر یہ فعل واقع ہو تو امید کی جاتی ہےکہ اﷲ تعالٰی مواخذہ نہ فرمائے گا۔پھر اس کے ساتھ ہی واجب ہے کہ اگر قدرت رکھتا ہو فوراً نکاح یا خریداری کنیز شرعی کی فکر کرے ورنہ سخت گنہگار ومستحق لعنت ہوگا۔یہ اجازت اس لئے نہ تھی کہ اس فعل نا پاك کی عادت ڈال لے اور بجائے طریقہ پسندیدہ خدا و رسول اسی پر قناعت کرے۔“ (فتاویٰ رضویہ،ج:22،ص:202)
لہذا فقط شہوت کے غلبہ کی بناء پر اس ناپاک عمل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں، اور اللہ تعالیٰ کو سب کے دلوں کی خبر ہے۔

واللّٰہ تعالیٰ اعلم

از قلم: محمد اویس العطاری المصباحی

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.