جین زی اور انقلاب | قیصر رحمانی
جین زی اور انقلاب
از قلم : قیصر رحمانی، کشن گنج متعلم : جامعہ اشرفیہ مبارک پور جماعت : سادسہ
انسان فطری طور پر عدل پسند ہے اور ہمیشہ ظلم و تشدد کے خلاف بر سر پیکار رہاہے۔ یہی وجہ ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنا اس کے فطری شعور کا تقاضا ہے اور بحیثیت مسلمان یہ اس کی ایمانی ذمہ داری بھی ہے۔
موجودہ دور میں جب کہ عالم انسانیت کی ایک بڑی تعداد عالمی اور قومی سرمایہ دارانہ نظام کے تحت ظلم و زیادتی کا شکار ہے، ایسے حالات میں اس کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور اس کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا نہ صرف انسانی فطرت کا تقاضا ہے، بلکہ تعلیمات الٰہی کا بھی حصہ ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: وَالَّذِينَ إِذَا أَصَابَهُمُ الْبَغْيُ هُمْ يَنْتَصِرُونَ• (سورہ شوری)
ترجمہ: اور وہ کہ جب انہیں بغاوت پہنچے بدلہ لیتے ہیں- (کنزالایمان)
اسی جذبۂ مزاحمت کو مزید تقویت دیتے ہوئے رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: أفضَلُ الجِهادِ كَلِمَةُ عَدلٍ عِندَ سُلطانٍ جائِرٍ أو أميرٍ جائِرٍ• (ابو داؤد)
ترجمہ: سب سے افضل جہاد ظالم و جابر حکمران کے سامنے کلمۂ حق کہنا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی معاشرتی، معاشی اور سیاسی نظام نے عوام کے حقوق سلب کیے اور ان کا استحصال کیا تو اس کے خلاف اٹھنے والی آوازوں میں نوجوان نسل ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ اکثر بڑی تبدیلیوں کی ابتدا نوجوانوں کے عزم اور حوصلے سے ہوئی ہے۔ آج اکیسویں صدی میں بھی صورت حال کچھ مختلف نہیں ہے۔ عالمی اور قومی سرمایہ دارانہ نظام کے تحت جہاں انسانیت کا ایک بڑا طبقہ ظلم و جبر اور تشدد کا شکار ہے، وہیں اس کے خلاف اٹھنے والی آوازوں میں نوجوان نسل ایک کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ اسی نوجوان نسل کو ہم جین زی (GENERATION-Z) کے نام سے جانتے ہیں، یعنی وہ نسل جو 1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہوئی۔
جین زی نے خود کو محض ڈیجیٹل دنیا اور سوشل میڈیا تک محدود نہیں رکھا، بلکہ دنیا کے مختلف خطوں میں سیاسی، سماجی اور ناانصافی کے خلاف عملی جدوجہد بھی کی ہے۔ اس نسل نے اپنی جرأت، بیداری اور اجتماعی قوت کے ذریعے ایسی تحریکیں قائم کی، جنہوں نے کئی آمرانہ حکومت اور سیاسی اقتدار کو چیلنج کیا اور انہیں عوامی مطالبات کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا۔
تو انقلاب کی آمد کا انتظار نہ کر
جو ہو سکے تو ابھی انقلاب پیدا کر
تاہم، جین زی کی تحریکوں اور ان کے غیر معمولی کارناموں کو سمجھنے سے پہلے ضروری ہے کہ ہم گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے کے دوران مختلف نسلوں کے ارتقا اور ان کے تاریخی پس منظر کا جائزہ لیں، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ موجودہ دور میں جین زی نے جو ہلچل پیدا کی ہے، وہ کن اعتبار سے سابقہ نسلوں سے مختلف اور غیر معمولی ہے۔
مختلف نسلیں اور ان کا تاریخی کردار:
دی گریٹسٹ جنریشن: (THE GREATEST GENERATION) 1901–1927 جنگ جیتی، معیشت قائم کی اور دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا، آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور منظم طریقے سے معاشی حالت پر زور دیا۔
دی سائلنٹ جنریشن: (THE SILENT GENERATION)
1928–1945 حقوق کی بنیاد رکھی- اس نسل نے خاموشی سے محنت کی اور انسانی حقوق، خصوصا شہری حقوق کی تحریکوں میں اہم کردار ادا کیا۔
بیبی بومرز: (BABY BOOMERS) 1946–1964 سماجی انقلاب لائے، خواتین کے حقوق، بنیادی آزادی اور جنگ کے خلاف امن قائم کرنے والی تحریکوں کو عروج تک پہنچایا۔
جنریشن ایکس: (GENERATION-X) 1965–1980 خود انحصاری اور جدید سوچ کو فروغ دیا۔ یہ نسل کمپیوٹر کے ابتدائی دور میں پرورش پائی اور روایتی ملازمتوں کے طریقے سے ہٹ کر آزادانہ سوچ اور نئے انداز اختیار کیے۔
ملینیئلز: (MILLENNIALS) 1981–1996 دنیا کو ڈیجیٹل بنایا، انٹرنیٹ، اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کو عام کیا اور اسے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانے میں انتھک محنتیں کیں۔
جین زی: (GENERATION-Z) 1997–2012 یہ وہ ڈیجیٹل نسل ہے جس نے ہوش سنبھالا تو اس کے سامنے اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کی دنیا پہلے سے موجود تھی۔ اس نسل نے جدید ٹیکنالوجی کو نہ صرف اپنی روزمرہ کا حصہ بنایا، بلکہ اسے اپنے خیالات کے اظہار، لوگوں کو منظم کرنے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا ذریعہ بھی بنایا۔
ان تمام نسلوں میں اگرچہ ہر نسل نے اپنے اپنے دور کے تقاضے کے مطابق تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں، لیکن جب بات عوامی احتجاج، سیاسی تبدیلی، ڈیجیٹل ذرائع سے لوگوں کو منظم کرنے اور روایتی جبر کے خلاف فوری ردعمل کی ہو، تو جین زی کا کردار خاص طور پر نمایاں ہو کر سامنے آتا ہے۔
جین زی ایک ایسی نسل ہے جو اپنے خیالات اور احتجاج کو عام کرنے کے لیے صرف روایتی ذرائع پر انحصار نہیں کرتی، بلکہ ڈیجیٹل میمز، ہیش ٹیگز اور سوشل میڈیا کو اپنی آواز اور اجتماعی قوت کو اپنا ذریعہ بناتی ہے۔ یہی خصوصیت جین زی کی تحریکوں کو دیگر تحریکوں سے ممتاز کرتی ہے۔
عصر حاضر میں دنیا کے مختلف ممالک میں رونما ہونے والی سیاسی اور سماجی تبدیلیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ نوجوان نسل اپنے حقوق، انصاف اور بہتر مستقبل کے لیے کس قدر پُرعزم ہے۔ کئی ممالک میں نوجوانوں کی قیادت میں ایسی تحریکیں جنم لیں جنہوں نے برسوں سے قائم سیاسی نظاموں کو چیلنج کیا۔ جیسے کہ:
امریکہ: 2013 میں نسل پرستی کے خلاف بلیک لائیوز میٹر (BLACK LIVES MATTER) تحریک شروع ہوئی، جسے 2020 میں جارج فلائیڈ کی موت کے بعد عالمی توجہ حاصل ہوئی۔ اس تحریک میں نوجوانوں نے نسلی امتیاز کے خاتمے اور مساوی حقوق کے لیے آواز اٹھائی، جس کے نتیجے میں پولیس قوانین اور مقامی پالیسیوں میں مختلف اصلاحات کی گئیں۔
سری لنکا: 2022 میں شدید معاشی بحران، مہنگائی اور ضروری اشیا کی قلت کے خلاف نوجوانوں سمیت عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ مسلسل احتجاج کے نتیجے میں 9 مئی 2022 کو وزیر اعظم مہندا راج پکشے نے استعفیٰ دے دیا۔
بنگلہ دیش: 2024 میں سرکاری ملازمتوں کے کوٹا نظام کے خلاف طلبہ نے احتجاج شروع کیا، جو حکومتی تشدد کے بعد ملک گیر تحریک میں بدل گیا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں نے بھرپور عوامی حمایت حاصل کی، جس کے نتیجے میں 5 اگست 2024 کو وزیر اعظم شیخ حسینہ کو استعفیٰ دے کر ملک چھوڑنا پڑا۔
نیپال: 2025 میں نوجوانوں نے کرپشن، بے روزگاری، نیپوٹیزم اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کیا۔ یہ تحریک جلد ہی ایک بڑی عوامی تحریک میں تبدیل ہو گئی۔ شدید احتجاج کے نتیجے میں 9 ستمبر 2025 کو وزیر اعظم کے پی شرما اولی اپنے منصب سے استعفیٰ دینے پر مجبور ہوا۔
ہندوستان: 2026 میں نیٹ یوجی (NEET-UG) کے نظام امتحان میں لا پرواہی اور پیپر لیک کے خلاف طلبہ نے ملک گیر احتجاج شروع کیا، جس کا اہم مرکز نئی دہلی کا جنتر منتر بنا۔ نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی (COCKROACH JANTA PARTY) نے اس تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مسلسل احتجاج اور عوامی دباؤ کے بعد 25 جولائی 2026ء کو وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے عہدے سے برطرفی کا اعلان کیا۔
المختصر: بیسویں صدی کے آغاز سے 2026 تک ہر نسل نے اپنے دور کے تقاضے کے مطابق دنیا میں تبدیلی لانے کی کوششیں کیں، لیکن جین زی نے جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور اجتماعی بیداری کو سماجی و سیاسی تبدیلی کی مؤثر قوت بنا کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ہندوستان، امریکہ اور دیگر ممالک میں نوجوانوں کی تحریکیں اس کا واضح ثبوت ہیں۔ ان تحریکوں نے ثابت کیا ہے کہ نوجوان اب محض حالات کا تماشائی نہیں، بلکہ اپنے حقوق، انصاف اور بہتر مستقبل کے لیے آواز حق اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ تاہم، نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو محض سوشل میڈیا تک محدود نہ رکھیں، بلکہ علم، اتحاد، حق گوئی اور پُرامن جدوجہد کے ذریعے ایک بہتر اور انصاف پسند معاشرے کی تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

الحمدللہ رب العالمین ❤️
ReplyDelete🩵🩵
Delete