میت کو غسل دینے کے بعد اس کے بغل میں بیری کی شاخ رکھنا کیسا ہے؟
Wednesday, 21 October 2026
Add Comment
کہیں کہیں یہ رواج ہوتا ہے کہ میت کو غسل دینے کے بعد اس کے بغل میں بیری کی شاخ رکھ دیتے ہیں تو کیا اس کی کوئی شرعی حیثیت ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`
جی نہیں! شریعت مطہرہ میں اس کی کوئی اصل موجود نہیں ہے۔ یہ عوام کی بنائی ہوئی باطل رسم ہے، میت کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا لہذا اس بے اصل اور بے فائدہ رسم کو ختم کرنا ضروری ہے۔ البتہ شریعت میں میت کو بیری کے پتوں سے غسل دینے کی اصل موجود ہے اور اس کا فائدہ یہ ہے کہ بیری سے میل خوب کٹتا ہے، جوئیں وغیرہ صاف ہوتی ہیں اور اس سے میت کا بدن جلد بگڑتا نہیں۔ اسی طرح قبر پر سبزه رکھنا شریعت مطہرہ کو مطلوب و پسند ہے اور صحیح حدیث میں اس کا ثبوت ملتا ہے کہ جب تک ٹہنیاں سبز رہیں گی تسبیح کرتی رہیں گی تو ان کی تسبیح کی برکت سے عذاب میں کمی ہوگی۔
بیری سے غسل کے متعلق ”حدیث پاک“ میں ہے:”عن ام عطية قالت: دخل علينا رسول الله صلى الله عليه وسلم ونحن نغسل ابنته“ فقال: اغسلنها ثلاثا او خمسا او اكثر من ذلك ان رايتن ذلك بماء وسدر.“ یعنی روایت ہے حضرت ام عطیہ سے فرماتی ہیں ہم پر رسول الله صلی الله علیہ وسلم تشریف لائے جب کہ ہم آپ کی صاحبزادی کو غسل دے رہے تھے تو فرمایا کہ انہیں تین بار یا پانچ بار اور اگر مناسب سمجھو تو اس سے زیادہ بار پانی اور بیری سے غسل دو۔ (مشکوۃ المصابیح، کتاب الجنائز، باب غسل الميت وتكفينه، الحديث:1634)
اس حدیث پاک کے تحت ”علی بن سلطان محمد قاری رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ لکھتے ہیں:”قال القاضي:هذا لا يقتضي استعمال السدر، في جميع الغسلات والمستحب استعماله في الكرة الأولى ليزيل الأقذار ويمنع عنه تسارع الفساد ويدفع الهوام.“ یعنی قاضی نے فرمایا: اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ تمام غسلوں میں بیری استعمال کی جائے، بلکہ مستحب یہ ہے کہ پہلی مرتبہ میں بیری استعمال کی جائے، تاکہ وہ نجاستوں اور گندگیوں کو دور کرے، اور میت کے جلد خراب ہونے کو روکے اور کیڑے مکوڑوں کو دور رکھے۔ (مرقاة المفاتيح شرح مشكوة المصابيح، كتاب الجنائز، باب غسل الميت وتكفينه، الفصل الأول، الجزء الرابع، صفحة:103، تحت الحديث:1634، دار الكتب العلمية، بيروت)
بیری کے پتے سے غسل کرنے کے فوائد کے متعلق ”حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ فرماتے ہیں:”بیری کے پتے پانی میں جوش دے لوکیونکہ بیری سے میل خوب کٹتا ہے، جوئیں وغیرہ صاف ہوتی ہیں اور اس سے میت کا بدن جلد بگڑتا نہیں۔ تین بار غسل دینا سنت ہے، سات بار تک جائز اور بلاوجہ اس سے زیادہ مکروہ۔ بیری کا استعمال پہلی بار میں سنت ہے، باقی میں جائز۔“ (مرآۃ المناجیح شرحِ مشکوٰۃ المصابیح، جلد:2، صفحہ:454، تحت الحدیث:1634)
قبروں پر سبزے کا ہونا شریعت مطہرہ کو مطلوب و پسند ہے، چنانچہ ”صحيح البخاري“ میں ہے:”عن ابن عباس قال :مر النبی صلی اللہ علیہ وسلم بحائط من حیطان المدینة أو مکة فسمع صوت انسانین یعذبان فی قبورھما فقال النبی صلی اللہ علیہ وسلم یعذبان و ما یعذبان فی کبیر ثم قال بلی کان أحدھا لا یستتر من بوله و کان الآخر یمشی بالنمیمة ثم دعا بجریدۃ فکسرھا کسرتین فوضع علی کل قبر منھما کسرۃ فقیل له یارسول اللہ لم فعلت ھذا؟ قال لعله یخفف عنھما ما لم ییبساً“ یعنی روایت ہے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے فرماتے ہیں کہ نبی صلی اﷲ علیہ وسلم مدینہ منورہ یا مکہ مکرمہ کے باغات میں سے ایک باغ کے پاس سے گزرے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو انسانوں کی آواز سنی جنہیں ان کی قبروں میں عذاب ہو رہا تھا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: انہیں عذاب دیا جارہا ہے اور کسی بڑے سبب سے عذاب نہیں دیا جا رہا، پھر فرمایا: ان میں سے ایک آدمی، تو اپنے پیشاب کے چھینٹوں سے پرہیز نہیں کرتا تھا اور دوسرا چغل خوری کرتا تھا، پھر کھجور کی تر شاخ منگوا کر دو ٹکڑے کیے اور ہر قبر پر ایک ٹکڑا رکھا، صحابہ کرام نے عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! آپ نے ایسا کس لیے کیا؟ فرمایا جب تک یہ خشک نہیں ہوں گی، ان کے عذاب میں تخفیف ہوگی۔ (صحیح البخاری، الحدیث:216، صفحہ:38، مطبوعہ مکۃ المکرمہ)
اس حدیث پاک کی شرح کرتے ہوئے ”شیخ الحدیث علامہ غلام رسول رضوی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ فرماتے ہیں:”اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ قبروں پر سبزہ لگانا، جائز ہے، کیونکہ ہر تر شے تسبیح کرتی ہے۔ اس لیے بریدہ اسلمی نے وصیت کی تھی کہ ان کی قبر پر کھجور کی دو سبز شاخیں رکھی جائیں۔ اس سے تخفیف ِعذاب ضرور ہے۔“ (تفھیم البخاری، جلد:1، صفحہ:366، مطبوعہ تفھیم البخاری، پبلیکیشنز)
”فتاوی عالمگیری“ میں ہے:”وضع الورود والریاحین علی القبور حسن.“ یعنی قبروں پر گلاب اور پھولوں کا رکھنا اچھا ہے۔ (الفتاوی الھندیة، كتاب الكراهية، الباب السادس عشر فی زیارۃ القبور... إلخ، الجزء الخامس، صفحة:351، مطبوعہ دار الكتب العلمية، بیروت)
لہٰذا ثابت ہوا کہ بیری سے غسل دینا اور قبر پر تر شاخ رکھنا سنت سے ثابت ہے، لیکن میت کی بغل میں شاخ رکھنے کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔
وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "میت کو غسل دینے کے بعد اس کے بغل میں بیری کی شاخ رکھنا کیسا ہے؟"
Post a Comment