بھتیجی کی بھتیجی سے نکاح کرنا کیسا ہے؟
Thursday, 22 October 2026
Add Comment
بھتیجی کی بھتیجی سے نکاح کرنا کیسا ہے؟
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`
بھتیجی کی بھتیجی یعنی بھائی کی بیٹی کی بھتیجی اسی طرح بھائی کی اولاد میں نیچے کی نسل کی بیٹیاں، اگرچہ کئی پشت نیچے تک ہوں، ان سب سے نکاح کرنا، ہمیشہ کے لیے حرام ہے۔ اور اس کی تفصیل فقہاء نے بیان فرمائی ہے کہ بھائی کی بیٹی اور بہن کی بیٹی نصِّ قرآن سے حرام ہیں، اور ان کی بیٹیوں کی بیٹیاں بھی اگرچہ کتنی ہی نیچے ہوں، اجماعاً حرام ہیں۔
جن عورتوں سے نکاح کرنا حرام ہے، ان کو بیان کرتے ہوئے الله تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:”﴿وَ بَنٰتُ الْاَخِ وَ بَنٰتُ الْاُخْتِ.﴾ ترجمۂ کنز الایمان:اور بھتیجیاں اور بھانجیاں (بھی حرام کی گئی ہیں)۔ (القرآن المجید، پارہ:4، سورۃ النساء، الآية23)
اس آیت کریمہ کے تحت ”قاضی محمد ثناء اللہ عثمانی حنفی مظہری رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ لکھتے ہیں:”﴿وَ بَنٰتُ الْاَخِ وَ بَنٰتُ الْاُخْتِ.﴾ يعني فروع الأخ والأخت بناتهما وبنات أبنائهما وبنات بناتهما وإن سفلن سواءٌ.“ یعنی بھائی اور بہن کی بیٹیاں اور آگے ان بیٹوں، بیٹیوں کی بیٹیاں بھی نیچے تک تمام اولاد (حرام ہیں)۔ (تفسير المظهري، سورۃ النساء، تحت الآية:23، الجزء الثاني، صفحة:265، مطبوعہ دار إحياء التراث العربي، بيروت)
”امام محي السنة ابو محمد حسين بن مسعود بغوى رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ فرماتے ہیں: ”ويدخل فيهن بنات أولاد الأخ والأخت وإن سفلن.“ یعنی اور ان میں بھائی اور بہن کی اولاد کی بیٹیاں بھی داخل ہیں چاہے نیچے تک تمام اولاد ہو۔ (تفسير البغوي، سورة النساء، تحت الآية:23)
امام فخر الدین ابو المحاسن حسن بن منصور المعروف بقاضیخان الفرغانی الاوزجندی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ محرمات بالنسب کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:”أما المحرمات بالنسب۔۔۔ کذلک بنات الأخ وإن سفلن.“ یعنی محرمات بالنسب میں بھائی کی بیٹیاں نیچے تک شامل ہیں۔ (فتاوٰی قاضی خان في مذهب الإمام الأعظم أبي حنيفة النعمان، جلد:1، صفحة:316، مطبوعہ کراچی، ملتقطاً)
ملک العلماء امام علاء الدین ابو بکر بن مسعود کاسانی حنفی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ“ فرماتے ہیں:”وتحرم عليه بنات الأخ وبنات الأخت بالنص... وبنات بنات الأخ والأخت وإن سفلن بالإجماع.“ یعنی مرد پر اپنی بھتیجی، بھانجی قرآنی نص سے حرام ہے۔۔۔ اور نیچے تک بھتیجی، بھانجی کی بیٹیاں بھی بالاجماع حرام ہیں۔ (بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع، كتاب النكاح، المجلد الثالث، صفحة:408، مطبوعہ دار الحديث، القاهرة، ملتقطاً)
ان تمام دلائل کی روشنی میں واضح ہو گیا کہ بھتیجی کی بھتیجی سے نکاح کرنا حرام ہے۔
وَاللہُ تَعَالٰی أَعْلَمُ بِالصَّوَابِ
كتبه: محمد اُویس العطاری المصباحی
Link will be apear in 60 seconds.
Well done! you have successfully gained access to Decrypted Link.

0 Response to "بھتیجی کی بھتیجی سے نکاح کرنا کیسا ہے؟"
Post a Comment