بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

محدثین کے نزدیک ضعیف احادیث کی کتابت و روایت کے اسباب و مقاصد


محدثین کے نزدیک ضعیف احادیث کی کتابت و روایت کے اسباب و مقاصد

از قلم : محمد ارسل


فنِ حدیث کے ماہر آئمہ نے نہایت اہم اسباب کی بنا پر حدیثِ ضعیف کی کتابت کی، اہلِ علم نے اپنی تصانیف میں ان اسباب کو مختصر طور پر بیان کیا ہے، اور اس سلسلے میں اپنا طریقۂ کار بھی ہمیں بتایا ہے، ضعیف احادیث کی کتابت کرنے کے سبب کو بیان کرتے ہوئے شیخ عبد اللّٰه بن یوسف :الجدیع حفظہ اللّٰه لکھتے ہیں

من أجل تمييزها عن أحاديث الثقات، كما كان يفعله بعض النقاد، أو لغير ذلك لكن ليس من سبب ذلك غش الأمة، فهذا إن ورد على الراوي طعن على عدالته في نفسه والكتابة عنهم بقصد تمييز حديثهم، منهج جرى عليه عامة النقاد، يكتب أحدهم أحاديث المجروحين ويعتني بجمعها كما يعتني بأحاديث الثقات، وذلك لما يوجبه تحرير حال النقلة من تمييز محفوظ حديثهم من غيره أو لمصلحة الاعتبار به إذا كان المجروح ممن يصلح حديثه لذلك، وليس هذا من قبيل ما يذم ويؤخذ على الراوي فعله في الرواية عن الضعفاء

احادیثِ مجروحین کو ثقہ راویوں کی احادیث سے ممتاز کرنے کے لیے (لکھا جاتا تھا)، جیسا کہ بعض ناقدین کا طریقہ تھا، یا اس کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے، لیکن اس کا مقصد امت کو دھوکا دینا ہرگز نہیں تھا، تو اگر کسی راوی کی اپنی عدالت پر جرح وارد ہوئی ہو تو ان راویوں سے ان کی احادیث کو ممتاز اور الگ کرنے کے مقصد سے لکھنا عام ناقدین کا ایک جاری طریقہ تھا، ان میں سے کوئی ناقد مجروح راویوں کی احادیث کو لکھتا اور انہیں جمع کرنے کا اسی طرح اہتمام کرتا جیسے ثقہ راویوں کی احادیث کا اہتمام کرتا تھا، اس کی وجہ یہ ہے کہ راویوں کے حالات کی مکمل تحقیق و تنقیح کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی محفوظ روایات کو دوسری روایات سے ممتاز کیا جائے، یا اگر وہ مجروح راوی ایسا ہو جس کی حدیث اعتبار کے لیے قابلِ استعمال ہو، تو اس سے بطورِ اعتبار فائدہ اٹھانے کی مصلحت کے پیشِ نظر ایسا کیا جاتا تھا، اور یہ ان امور میں سے نہیں ہے جن کی وجہ سے کسی راوی کی مذمت کی جائے یا ضعیف راویوں سے روایت کرنے کے اس عمل کو اس کے خلاف قابلِ اعتراض قرار دیا جائے ۔۔۔[ تحریر علوم الحدیث - (1/375) - ط: الریان بیروت ]

امام أبو عبد اللّٰه حاکم نیشاپوری علیہ الرحمہ (م 405ھ) فرماتے ہیں: وَكَذَلِكَ مِنْ بَعْدِهِمَا أَئِمَّةُ الْمُسْلِمِينَ قَرْنًا بَعْدَ قَرْنٍ وَعَصْرًا بَعْدَ عَصْرٍ إِلَى عَصْرِنَا هَذَا لَمْ يَخْلُ حَدِيثُ إِمَامٍ مِنْ أَئِمَّةِ الْفَرِيقَيْنِ عَنْ مَطْعُونٍ فِيهِ مِنَ الْمُحدثينَ وَلِلْأَئِمَّةِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ فِي ذَلِكَ غَرَضٌ ظَاهِرٌ وَهُوَ أَنْ يَعْرِفُوا الْحَدِيثَ مِنْ أَيْنَ مَخْرَجُهُ وَالْمُنْفَرِدُ به عدل أو مجروح

اور اسی طرح ان دونوں (یعنی امام اعظم اور امام شافعی) کے بعد آنے والے آئمۂ مسلمین بھی قرن بہ قرن اور عصر بہ عصر، ہمارے اس دور تک، دونوں فریقوں کے آئمہ میں سے کسی بھی امام کی حدیث ایسی نہیں رہی جس میں محدثین کی جانب سے مطعون راوی موجود نہ ہو، اور آئمہ رضی الله عنہم کا اس سلسلے (یعنی ضعیف حدیث کو روایت کرنے) میں ایک واضح مقصد تھا، اور وہ یہ تھا کہ وہ جان سکیں کہ حدیث کہاں سے مروی ہوئی ہے، اور اس حدیث کو منفرد طور پر روایت کرنے والا راوی عادل ہے یا مجروح ۔۔۔[ المدخل الی کتاب الاکلیل - (ص: 31) - ط: دار الدعوۃ الاسکندریه ]

امام أبوبکر حسین بن احمد البیھقی علیہ الرحمہ (م 458ھ) ایک واقعہ نقل کرتے ہیں:

أخبرنا أبو عبد الله الحافظ أخبرني أبو عمران موسى بن سعيد الحنظلي الحافظ بهمذان، حدثنا أحمد بن إسحاق القاضي بالدينور، قال: سمعت أبا بكر الأثرم يقول: رأى أحمد بن حنبل يحيى بن معين بصنعاء في زاوية وهو يكتب صحيفة معمر، عن أبان، عن أنس، فإذا اطلع عليه إنسان كتمه، فقال له أحمد: تكتب صحيفة معمر، عن أبان، عن أنس، وتعلم أنها موضوعة، فلو قال لك قائل: أنت تتكلم في أبان ثم تكتب حديثه على الوجه! ! فقال: رحمك الله يا أبا عبد الله، أكتب هذه الصحيفة عن عبد الرزاق، عن معمر، على الوجه فأحفظها كلها وأعلم أنها موضوعة، حتى لا يجيء بعده إنسان فيجعل بدل: أبان ثابتًا، ويرويها عن معمر، عن ثابت، عن أنس، فأقول له: كذبتَ، إنما هي عن معمر، عن أبان، لا عن ثابت

حافظ أبو بکر إبن ھانی الاثرم علیہ الرحمہ (م 261ھ) فرماتے ہیں: امام احمد بن حنبل علیہ الرحمہ (م 241ھ) نے امام یحییٰ بن معین علیہ الرحمہ (م 233ھ) کو صنعاء میں ایک کونے میں بیٹھے ہوئے دیکھا کہ وہ معمر کا وہ صحیفہ لکھ رہے تھے جس کی سند ابان عن انس سے ہے، جب کوئی شخص ان کی طرف متوجہ ہوتا تو وہ اسے چھپا لیتے، امام احمد نے ان سے کہا کہ آپ معمر کا وہ صحیفہ لکھ رہے ہیں جو ابان عن انس سے ہے، حالانکہ آپ جانتے ہیں کہ یہ موضوع (من گھڑت) ہے، اگر کوئی شخص آپ سے کہے کہ آپ تو ابان پر کلام کرتے ہیں پھر ان کی حدیث کو اسی صورت میں لکھ رہے ہیں، تو آپ کیا جواب دیں گے؟ تو امام یحییٰ بن معین نے فرمایا: الله آپ پر رحم فرمائے، اے أبو عبد الله! میں یہ صحیفہ عبد الرزاق کے واسطے سے معمر سے اسی اصل صورت میں لکھ رہا ہوں، پھر اسے مکمل طور پر حفظ کرلوں گا، حالانکہ میں جانتا ہوں کہ یہ موضوع ہے تاکہ بعد میں کوئی شخص نہ آئے اور اس میں "ابان" کی جگہ "ثابت" کا نام رکھ کر اسے معمر عن ثابت عن انس کی سند سے روایت کرنے لگے، تب میں اس سے کہوں گا تم نے جھوٹ کہا ہے، یہ روایت تو معمر سے ابان کے واسطے سے ہے، ثابت کے واسطے سے نہیں ۔۔۔[ المدخل الی السنن الکبریٰ - (1/262) - ط: دار المنھاج بیروت ]

امام یحییٰ بن معین علیہ الرحمہ کے کلام سے واضح ہوا کہ ایسے شخص کی احادیث بھی لکھی جاتی ہیں جس کی روایت سے اصلاً استدلال و اعتبار نہیں کیا جاتا، بلکہ اس کی حدیث کو محض تقابل اور موازنے کے لیے لکھا جاتا ہے، تاکہ اس کے ذریعے جھوٹ اور جھوٹے راویوں کو بے نقاب کیا جا سکے، اور بطور شواھد کے بھی ضعیف احادیث لکھی جاتی تھیں، جیسا کہ امام احمد بن حنبل علیہ الرحمہ عبد الله بن لھیعة کے بارے میں فرماتے ہیں:

ابن لهيعة ما كان حديثه بذاك، وما أكتب حديثه إلا للاعتبار والاستدلال، إنما قد أكتب حديث الرجل، كأني أستدل به، مع حديث غيره يشده، لا أنه حجة إذا انفرد

ابن لھیعه کی حدیث کوئی ایسی (مضبوط) حدیث نہیں، اور میں اس کی حدیث صرف اعتبار اور استدلال کے لیے لکھتا ہوں، کبھی میں کسی شخص کی حدیث اس طرح لکھ لیتا ہوں کہ گویا دوسرے شواہد کے ساتھ اسے دلیل کے طور پر پیش کر رہا ہوں، تاکہ وہ اسے تقویت دیں، نہ کہ اس لیے کہ وہ شخص اکیلا حجت ہو ۔۔۔ [ شرح علل الترمذی - (1/385) - ط: مکتبة المنار الأردن ]

معلوم ہوا کہ یہ وہ سبب ہے جس کی بنا پر محدثین مجروح راویوں کی احادیث لکھا کرتے تھے اور یہ سبب ان احادیث میں بھی موجود ہے جو ایسی کتابوں میں نقل کی جاتی ہیں جن میں صحتِ حدیث کی شرط نہیں ہوتی، جبکہ ان میں سے اکثر کتابوں میں نہ حدیث کی علت بیان کی جاتی ہے اور نہ اس کے راوی کے ضعف یا کمزوری کی وضاحت کی جاتی ہے، لیکن اس ضعیف روایت کو بطور شواھد و متابعت کے نقل کیا جاتا ہے، نیز ضعیف حدیث کو اس وجہ سے بھی روایت کیا جاتا تھا تاکہ اس کی معرفت حاصل ہو جائے کہ فلاں حدیث ضعیف ہے کیونکہ فلاں ضعیف راوی سے مروی ہے، امام أبو احمد ابن عدی الجرجانی علیہ الرحمہ (م 365ھ) نقل کرتے ہیں:

حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ الْحَسَنِ الْمَدَائِنِيُّ، أَخْبَرنا مُحَمد بْنُ عَمْرو بْنِ نَافِعٍ، أَخْبَرنا نُعَيْمٌ، أَخْبَرنا حَاتِمٌ، قَالَ: سَمِعْتُ سُفْيَانَ الثَّوْريّ يَقُولُ: إِنِّي لأَحْمِلُ الْحَدِيثَ عَلَى ثَلاثَةِ أَوْجُهٍ؛ أَسْمَعُ مِنَ الرَّجُلِ الْحَدِيثَ أَتَّخِذُهُ دِينًا، وَأَسْمَعُ مِنَ الرَّجُلِ الْحَدِيثَ لا أَسْتَطِيعُ جَرْحَهُ أُوقِفُ أَمْرُهُ، وَأَسْمَعُ الحديث من رجلاً لا أَعْبَأُ بِحَدِيثِهِ، أُحِبُّ مَعْرِفَتَهُ

امام سفیان ثوری علیہ الرحمہ (م 161ھ)فرماتے ہیں: میں حدیث کو تین طرح سے لیتا ہوں: میں کسی شخص سے حدیث سنتا ہوں اور اسے اپنا دین بنا لیتا ہوں
میں کسی شخص سے حدیث سنتا ہوں، لیکن اس پر جرح کرنے کی قدرت نہیں رکھتا، تو اس کے معاملے کو موقوف رکھتا ہوں
میں کسی ایسے شخص سے حدیث سنتا ہوں جس کی حدیث کی مجھے کوئی پرواہ نہیں، البتہ میں اس کی حدیث کو جاننا پسند کرتا ہوں ۔۔۔[ الکامل لإبن عدی - (1/167) - ط: العلمیة بیروت ]

امام سفیان ثوری کی مراد یہی تھی کہ جس شخص کی روایت کی مجھے کوئی پرواہ نہیں اس سے مراد ضعیف راوی کی روایت ہے لیکن آپ اسے روایت اس وجہ سے کرتے تھے تاکہ آپ کو معرفت حاصل ہو جائے کہ اس کی حدیث ضعیف ہے، امام یحییٰ بن شرف النووی علیہ الرحمہ (م 676ھ) نے شرح مسلم میں ضعیف راویوں سے روایت کرنے کے چند اسباب و وجوہات بتائے ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:

یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ ان آئمہ نے ان یعنی ضعیف راویوں سے احادیث کیوں روایت کیں، حالانکہ وہ جانتے تھے کہ ان سے حجت نہیں پکڑی جا سکتی؟ اس کے کئی جوابات ہیں:

پہلا: انہوں نے ان احادیث کو اس لیے روایت کیا تاکہ انہیں پہچانا جا سکے اور ان کے ضعف کو واضح کیا جا سکے، تاکہ بعد میں وہ ان آئمہ یا دوسرے لوگوں کے لیے مشتبہ نہ ہو جائیں یا ان کی صحت کے بارے میں شک پیدا نہ ہو
دوسرا: ضعیف حدیث کو اس لیے لکھا جاتا ہے کہ اس سے اعتبار کیا جائے یا بطورِ شاہد پیش کیا جائے، جیسا کہ ہم نے متابعات کے باب میں پہلے بیان کیا ہے، لیکن اس سے مستقل طور پر حجت نہیں پکڑی جاتی
تیسرا: کسی ضعیف راوی کی روایات میں صحیح، ضعیف اور باطل تینوں قسم کی روایات ہو سکتی ہیں، چنانچہ محدثین انہیں لکھ لیتے ہیں، پھر اہلِ حدیث اور ماہرِ فن ان میں سے بعض کو بعض سے الگ کر لیتے ہیں، یہ کام ان کے لیے آسان اور معروف ہوتا ہے، اسی بات کو سفیان ثوری علیہ الرحمہ نے دلیل بنایا تھا، جب انہوں نے کلبی سے روایت کرنے سے منع کیا، ان سے کہا گیا کہ آپ تو خود اس سے روایت کرتے ہیں! تو انہوں نے فرمایا: میں اس کی سچائی کو اس کے جھوٹ سے پہچانتا ہوں
چوتھا: آئمہ ضعیف رواۃ سے ترغیب و ترہیب، فضائلِ اعمال، قصص و واقعات، زہد اور مکارمِ اخلاق وغیرہ سے متعلق احادیث بھی روایت کرتے تھے، یعنی ایسی احادیث جن کا تعلق حلال و حرام اور دیگر شرعی احکام سے نہ ہو، محدثین اور دیگر اہلِ علم کے نزدیک اس قسم کی احادیث میں تسامح کی گنجائش ہے، اور موضوع کے علاوہ ایسی روایات کو بیان کرنا اور ان پر عمل کرنا جائز ہے (چند شرائط کے ساتھ)، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان امور یعنی ترغیب و ترہیب وغیرہ کی بنیادی اصلیں شریعت میں صحیح اور مقرر ہیں اور اہلِ علم کے ہاں معروف ہیں، بہرحال آئمہ ضعیف راویوں سے ایسی کوئی حدیث روایت نہیں کرتے جس سے احکام میں مستقل طور پر حجت قائم کی جائے، کیونکہ محدثین کے آئمہ میں سے کوئی امام اور دیگر علماء میں سے کوئی محقق ایسا کام نہیں کرتا، رہے بہت سے فقہاء بلکہ اکثر فقہاء کا ایسا کرنا اور ایسی روایات پر اعتماد کرنا، تو یہ درست نہیں بلکہ انتہائی قبیح ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر وہ اس حدیث کے ضعیف ہونے پر واقف ہو تو اس کے لیے اس سے حجت پکڑنا جائز نہیں، کیونکہ تمام اہلِ علم کا اس بات پر اتفاق ہے کہ احکام میں حدیثِ ضعیف سے حجت نہیں پکڑی جاتی، اور اگر وہ اس کے ضعف سے واقف ہی نہ ہو تو بھی اس کے لیے بغیر تحقیق کے اس سے حجت پکڑنے کی جسارت کرنا جائز نہیں، بلکہ اگر وہ خود تحقیق کرنے کا اہل ہو تو اسے اس حدیث کی تحقیق کرنی چاہیے، اور اگر خود اہلِ تحقیق نہ ہو تو اہلِ علم سے اس کے بارے میں پوچھنا چاہیے ۔۔۔[ شرح النووی علی مسلم - (1/125) - ط: احیاء التراث العربی بیروت ]

یہ چند اسباب اور وجوہات تھیں جن کی بنا پر آئمہ محدثین ضعیف روایات روایت کرتے تھے جن کو امام نووی علیہ الرحمہ نے بیان کیا ہے، اس کے علاوہ اور بھی وجوہات اور اسباب ہو سکتے ہیں جن کو تتبع کر کے معلوم کیا جا سکتا ہے ۔۔

0 Response to "محدثین کے نزدیک ضعیف احادیث کی کتابت و روایت کے اسباب و مقاصد"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->