بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

ابو محمد عارفین القادری | ایک سبق آموز واقعہ


امام سُبکی نے زَمخَشری مُعتَزَلی کی تفسیرِ قرآن کو پڑھنا کیوں چھوڑ دیا؟

(ایک سبق آموز واقعہ)



ابو محمد عارفین القادری
القلم اسکالرز اکیڈمی


اسلامی تاریخ میں معتزلہ نامی ایک فرقہ گزرا ہے، اس کا عقیدہ تھا کہ ملائکہ انبیائے کرام سے افضل ہیں جبکہ اہلسنت و جماعت کا عقیدہ ہے کہ انبیائے کرام علیھم السلام تمام مخلوقات حتی کہ فرشتوں سے بھی افضل ہیں۔

معتزلیوں کا ایک عالم گزرا ہے ابو القاسم زمخشری جس کی تفسیرِ کشاف بہت مشہور ہے، قرآنی فصاحت و بلاغت میں اس نے بہت مفید کام کیا ہے لیکن اپنی اس تفسیر میں کئی مقامات پر اعتزالی عقیدہ بھی بیان کیا ہے۔

اس نے سورہ تکویر آیت 19 سے 22 کی تفسیر کی اور اس میں صراحت کے ساتھ جبریل علیہ السلام کو حضور سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے افضل بتایا اور 19 سے 22 آیتوں کا جو موازنہ پیش کیا وہ ایک عاشقِ رسول کیلئے کسی طرح بھی قابل قبول نہیں بلکہ بے ادبی اور جرات و بیباکی پر مشتمل ہے۔

عظیم محدث و فقیہ امام تقی الدین سبکی رحمۃ اللہ علیہ (وفات: 756 ھ) ابتدا میں تفسیر کشاف سے استفادہ کرتے تھے لیکن جب آپ نے زمخشری کے اس موازنے کو ملاحظہ کیا تو کتاب کو مکمل طور پر ترک کردیا۔

آپ رحمۃ اللہ علیہ اپنی کیفیت یوں فرماتے ہیں:
حمد و صلوٰۃ کے بعد! میں زمخشری کی کتاب (الكشاف) میں سے کچھ حصہ 702 ھ میں شیخ علم الدین عبد الکریم بن علی العراقی کے پاس پڑھا کرتا تھا اور قاضی القضاۃ شمس الدین احمد السروجی کی مجلس میں بھی حاضر ہوتا تھا۔۔۔۔ پھر میں مسلسل 'الكشاف' کا درس سنتا رہا اور اس میں بحث و تحقیق کرتا رہا۔ مجھے اس کتاب میں موجود فوائد و نکت آفرینیوں سے بے پناہ شغف تھا، لیکن میں اس میں موجود اعتزالی افکار سے پرہیز کرتا تھا اور نچوڑے ہوئے شفاف پانی کو پیتا تھا۔

​تاہم، اس میں کچھ باتیں ایسی تھیں جو مجھے شدید ناگوار گزرتی تھیں، جیسے سورۃ التوبہ کی آیت «عَفَا اللَّهُ عَنْكَ» (توبہ: 43) میں ان کا کلام۔ ایک بار مدینہ منورہ کے ایک صاحب نے مجھ سے الكشاف کا نسخہ مانگا، تو میں نے نبی کریم ﷺ سے حیا کرتے ہوئے انہیں منع کر دیا کہ وہ آپ ﷺ کی بارگاہ کے قریب ایسی کتاب لے جائیں جس میں ایسا کلام ہو۔

​پھر ایک وقت آیا کہ لوگ مجھ سے یہ کتاب پڑھنے لگے، یہاں تک کہ جب میں سورۃ التحریم کی تفسیر اور اس میں 'زلت' پر زمخشری کی گفتگو پر پہنچا تو مجھے شدید ناگواری اور درد محسوس ہوا۔ پھر جب میں سورۃ التکویر کی اس آیت پر پہنچا: «إِنَّهُ لَقَوْلُ رَسُولٍ كَرِيمٍ» (التکویر: 19)جس میں اکثریت کے نزدیک رسول سے مراد 'جبرائیل' ہیں اور بعض کے نزدیک 'محمد ﷺ' ہیں، تو زمخشری نے پہلے قول پر اکتفا کیا اور پھر لکھا:

'تمہارے لیے جبرائیل علیہ السلام کے جلیل القدر ہونے اور افضل الانس محمد ﷺ کی منزلت پر ان کی فضیلت کے لیے یہی دلیل کافی ہے جب تم دونوں کلاموں کا موازنہ کرو گے یعنی سورہ تکویر کی آیات 19 تا 21 کا آیت 22 سے موازنہ کروگے۔

​(امام سبکی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں): پس میں نے 'الكشاف' کو اپنے ہاتھ سے پھینک دیا اور اپنے دل و دماغ سے نکال دیا اور میں نے نیت کر لی کہ اب میں اسے نہ کبھی پڑھاؤں گا اور نہ ہی دیکھوں گا۔ یہ منگل کا دن، 14 جمادی الاخریٰ 754 ھ کا واقعہ ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ میں نبی کریم ﷺ سے بے پناہ محبت و تعظیم رکھتا ہوں اور میں زمخشری کی اس موازنہ آرائی کو برداشت نہ کر سکا، جو انہوں نے معتزلہ کے عقیدے کے مطابق فرشتوں کو انسان سے افضل ثابت کرنے کے لیے کی تھی۔

​کیا اس شخص (زمخشری) کو نبی کریم ﷺ سے اتنی بھی حیا نہ آئی کہ وہ آپ ﷺ اور جبرائیل کے درمیان ایسے الفاظ میں موازنہ کرے؟
​جمہور اہل سنت کا متفقہ عقیدہ ہے کہ انسان (انبیائے کرام) فرشتوں سے افضل ہیں اور محمد ﷺ تمام مخلوقات میں سب سے افضل ہیں۔

حوالہ:
مذکورہ قصہ امام سبکی کے کلمات کا خلاصہ و ترجمہ ہے، مکمل کلمات کو امام جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب 'تحفة الأديب في نحاة مغني الأديب' میں زمخشری کے تذکرے میں بیان کیا ہے اور اسے امام تقی الدین سبکی کی کتاب 'سبب الانكفاف عن إقراء الكشاف' سے ماخوذ بتایا ہے۔
(تحفۃ الادیب، الجزءالاول، صفحہ 400، 401، جدارا للکتاب العالمی - عالم الکتب الحدیث، اردن)

0 Response to " ابو محمد عارفین القادری | ایک سبق آموز واقعہ"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->