دولھا کو ہلڈی، کسئی وغیرہ لگانا کیسا ہے؟



دولھا کو ہلڈی، کسئی وغیرہ جو لگاتے ہیں کیا یہ سب جائز ہے؟۔


بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`

-----------------------------------------------------------------------------------------------------------------
جی ہاں! دولہے کو ہلدی لگانا جائز ومُباح ہے۔ لان من الرسوم العامة التی لا مضر فیھا من الشرع یعنی اس لئے کہ یہ ان عادی رسموں میں سے ہے شریعت میں جن پر کوئی طعن نہیں کہ شرع شریف کا قاعدہ کلیہ یہ ہے کہ جس چیز کو خدا ورسول اچھا بتائیں وہ اچھی ہے اور جسے برا فرمائیں وہ بری ہے اور جس سے سکوت فرمائیں یعنی شرع سے نہ اس کی خوبی نکلے نہ برائی وہ اباحت اصلیہ پر رہتی ہے کہ اس کے فعل وترك میں ثواب نہ عقاب،یہ قاعدہ ہمیشہ یاد رکھنے کا ہے کہ اکثر جگہ کام آئے گا۔کیونکہ جن رسوم کے بارے شریعت میں ممانعت نہیں وہ ناجائز نہیں، کہ فقہ کا یہ قاعدہ ہے: ”الأصل في الأشياء الإباحة“ یعنی چیزوں میں اصل یہ ہے کہ وہ مباح ہیں۔ (الاشباہ و النظائر، صفحہ 56، دار الکتب العلمیۃ، بیروت)

لہذا شادی کے موقع پر یا اس کے علاوہ لڑکی یا لڑکے کو خوبصورتی یا جلد کی صفائی کے لیے ہلدی لگانے میں حرج نہیں، جبکہ اس میں کوئی ناجائز کام نہ کیا جائے جیسا کہ علمائے کرام نے دولہے دلہن کو ابٹن لگانے کی اجازت دی ہے، جبکہ ممنوعات شرعیہ سے بچا جائے۔

اور اگر اس رسم میں کوئی خلاف شرع کام ہو مثلاً مردوں اور عورتوں کا اختلاط، بے پردگی، پھر اجنبی عورتوں کا دولہے کو ہلدی لگاناوغیرہ معاملات ہوں تو ایسی رسم ، ناجائز و حرام ہو گی کہ مذکورہ سب کام ناجائز و حرام ہیں۔

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اَعظَمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: ”شادیوں میں طرح طرح کی رسمیں برتی جاتی ہيں، ہر ملک میں نئی رسوم ہر قوم و خاندان کے رواج اور طریقے جداگانہ جو رسمیں ہمارے ملک میں جاری ہیں ان میں بعض کا ذکر کیا جاتا ہے۔ رسوم کی بنا عرف پر ہے یہ کوئی نہیں سمجھتا کہ شرعاً واجب یا سنت یا مستحب ہیں لہٰذا جب تک کسی رسم کی ممانعت شریعت سے ثابت نہ ہو اُس وقت تک اُسے حرام و ناجائز نہیں کہہ سکتے کھینچ تان کر ممنوع قرار دینا زیادتی ہے، مگر یہ ضرور ہے کہ رسوم کی پابندی اسی حد تک کر سکتا ہے کہ کسی فعل حرام میں مبتلا نہ ہو۔“(بہارِ شریعت، جلد:2، حصہ ہفتم، صفحہ:104، مجلس المدينة العملية دعوت اسلامی)

والله تعالیٰ اعلم بالصواب

از قلم: محمد اویس العطاری المصباحی 

----------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

دولھا کو جو پھولوں کا ہار یا پھولوں کا سہرہ باندھا جاتا ہے — اس کا شرعی حکم کیا ہے؟ اس مسئلہ کو پڑھنے کے لیے 

👉کلک کریں 👈 

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.