چمگادڑ جو پرندہ ہے؟ وہ کیا کوئی شیطان ہوتا ہے؟ اگر کسی حاملہ عورت کے سر کو چھو کے بھاگے تو اس کو نقصان ہوگا؟
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`
--------------------------------------------------------------------------------------------------------------------
چمگادڑ کو منحوس سمجھنا یا یہ وہم کہ ”اگر وہ کسی حاملہ کے سر کو چھوکے بھاگے تو اس کو نقصان ہوگا“ یہ بَد شُگُونی کی قَبیل سے ہے اور اسلام میں بدشگونی لینا جائز نہیں، لہذا اس وہم کو ختم کرنا ضروری ہے۔ چمگادڑ ایک اندھیرا پسند پرندہ ہے جو دِن کے وقت درختوں اور چھتوں وغیرہ میں اُلٹا لٹکا رہتا اور رات کو اُڑتا ہے، اس کی بیٹ اور پیشاب دونوں پاک ہیں۔ اگر چمگادڑ کا پِتّہ ایسی عورت کی اندام نہانی میں مَل دیا جائے جو عسرُ الوِلادت میں مُبتلا ہو تو فوراً ولادت ہو جائے گی۔ حاملہ عورت اگر خواب میں چمگادڑ کو دیکھے تو یہ ولادت میں آسانی کی طرف اِشارہ ہے۔
حضور ﷺ نے بَدفالی لینے والوں سے اپنی بیزاری کا اِظہار ان الفاظ میں فرمایا:”لَيْسَ مِنَّا مَنْ تَطَيَّرَ ولا تُطُيِّرَ لَه“ یعنی جس نے بَدشُگُونی لی اور جس کے لیے بد شگونی لی گئی وہ ہم میں سے نہیں ہے۔ (یعنی ہمارے طریقے پر نہیں ہے)۔“ (المعجم الکبیر، 18/162، حدیث:355)
بَدشُگُونی حرام اور نیک فال لینا مُستَحب ہے، چنانچہ حضرت امام محمد آفَندِی رُومی بِرکِلی رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْه لکھتے ہیں:” یعنی بَدشُگُونی لینا حرام اور نیک فال یا اچھا شُگُون لینا مُسْتَحَب ہے۔ (الطريقة المحمدية 2/17،24)
علامہ کمال الدین دمیری رَحْمَةُ اللہِ تَعَالٰی عَلَيْهِ حیات الحَیوان میں تحریر فرماتے ہیں:”اگر چمگادڑ کا پِتّہ ایسی عورت کی اندام نہانی میں مَل دیا جائے جو عسرُ الوِلادت میں مُبتلا ہو تو فوراً ولادت ہو جائے گی۔“ (حیات الحیوان للدمیری(مُتَرجَم) ، جلد:2، صفحہ:41)
حاملہ کا خواب میں چمگادڑ دینا ولادت میں آسانی ہونے کا اشارہ ہے، چنانچہ ”حیات الحیوان للدمیری“ میں ہے:”حاملہ عورت اگر خواب میں چمگادڑ کو دیکھے تو یہ ولادت میں آسانی کی طرف اِشارہ ہے۔“ (حیات الحیوان للدمیری(مُتَرجَم) ، جلد:2، صفحہ:42)
والله اعلم بالصواب
از قلم: محمد اویس العطاری المصباحی
----------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

