رضاعی بھائی کی حقیقی بہن سے نکاح کرنا کیسا ہے؟
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
السلام علیکم ورحمۃ الله و برکاته
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ زید اور ہندہ دونوں حقیقی بھائی بہن ہیں اور زید نے بکر کی ماں کا دودھ پیا ہے تو کیا بکر زید کی بہن ہندہ سے نکاح کر سکتا ہے؟ بینوا توجروا۔
{المستفتی}: محمد شریف، متعلم جامعہ علی حسن اہل سنت بلرام پور یوپی
وَعَلَیْکُمُ السَّلَامُ وَرَحْمَۃُ اللّٰهِ وَبَرَکَاتُهٗ
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
الـــجــوابــــــــ:•صورت مسئولہ میں بکر کا ہندہ سے نکاح کرنا جائز ہے، اس لیے کہ زید بکر کا رضاعی بھائی ہے اور رضاعی بھائی کی حقیقی بہن سے نکاح کرنا جائز ہے۔
📚 فتاوی عالمگیری میں ہے: " تحل أخت أخیه رضاعًا کما تحل نسبًا مثل الأخ لأب اذا کانت له أخت من أمه یحل لأخیه من أبیه أن یتزوجھا کذا فی الکافی".(کتاب الرضاع، ج: ١، ص: ٣٤٣، ط: زکریا بکڈپو)
📚 درمختار میں ہے:" تحل أخت أخیه رضاعًا کأن یکون لأخیه رضاعًا أخت نسبًا " ملخصًا اھ (کتاب النکاح، باب الرضاع، ج: ٤، ص: ٤١٠: ط: زکریا بکڈپو)
📚 فتح القدیر میں ہے:" یجوز أن یتزوج الرجل بأخت أخیه من الرضاع لأنه یجوز أن یتزوج بأخت أخیه من النسب". (کتاب الرضاع، ج: ٣، ص: ٤٣١، ط: زکریا بکڈپو)
📚 فتاوی رضویہ میں ہے:"بکر نے اگر زید کی ماں کا دودھ پیا ہے تو زید اور اس کا بھائی بکر کے بھائی ہوے نہ خواہر کے، اور اگر زید نے بکر کی ماں کا دودھ پیا ہے تو زید خواہرِ بکر کا بھائی ہوا نہ کہ زید کا بھائی۔ بہر حال زید کے بھائی اور بکر کی بہن میں نکاح جائز ہے"۔(کتاب النکاح، ج: ١١، ص: ٢٧٩، ط: رضا فاؤنڈیشن لاہور)
لہذا معلوم ہوا کہ رضاعی بھائی کی حقیقی بہن سے نکاح جائز ہے۔ واللّٰه سـبـحـانه تعالیٰ أعــلم بالصـواب و أتـم الجـواب
کتــبـــــــــه:
محمد ظہیر حسین قادری مصباحی،
متعلم جامعہ علی حسن اہل سنت اترولہ بلرام پور یوپی
٨/ جمادی الآخر ١٤٤٦ھ بروز بدھ
✅ تصدیق:
حضرت علامہ مفتی محمد محبوب عالم اشرفی جامعی
صدر شعبہ افتاء جامعہ علی حسن اہل سنت اترولہ بلرام پور یوپی
٩/ جمادی الآخر ١٤٤٦ھ بروز جمعرات
----------------------------------------------------------------------------------------------.........................

.jpg)