کھانا کھاتے وقت کسی کو سلام کرنا کیسا ہے؟




کھانا کھاتے وقت کسی کو سلام کرنا کیسا ہے؟


بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
`اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ`

--------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

اگر کوئی شخص کھانا کھا رہا ہو اور اس کے منہ میں لقمہ ہو اور چبا رہا ہو تو سلام نہ کرے کہ اس وقت یہ سلام کا جواب دینے سے عاجز ہے اور کھانا کھانے بیٹھا ہی ہے یا کھا چکا ہے تو سلام کرنے میں حرج نہیں کہ اب جواب دینے سے عاجز نہیں۔

فتاویٰ بزازیہ میں ہے:”مر على قوم يأكلون، إن محتاجاً وعرف أنهم يدعوه إليه سلم وإلا لا“ یعنی کوئی شخص کھاتے ہوئے لوگوں کے پاس سے گزرا اگر بھوکا ہے اور جانتا ہے کہ اسے بلا لیں گے تو سلام کر سکتا ہے ورنہ نہیں۔ (الفتاوى البزازية،كتاب الكراهية، نوع:في السلام، الجزء الثالث، صفحة:200)

در مختار میں ہے:”يكره على عاجز عن الرد حقيقة كآكل“ یعنی سلام کے جواب سے عاجز والے پر سلام کرنا مکروہ ہے جیسے کھانے والے پر۔

اس کے تحت رد المحتار  میں ہے:”ظاهره أن ذلك مخصوص بحال وضع اللقمة في الفم والمضغ،وأما قبل وبعد فلا يكره لعدم العجز“ یعنی اس کا ظاہر یہ ہے کہ یہ اس حالت کے ساتھ مخصوص ہے کہ لقمہ اس کے منہ میں ہو اور اسے چبا رہا ہو، اور کھانے کے بعد یا پہلے سلام کرنا مکروہ نہیں، عاجز نہ ہونے کی وجہ سے۔ (الدر المختار مع رد المحتار، كتاب الحظر والإباحة، باب الاستبراء وغيره، الجزء التاسع، صفحة:595، دار الكتب العلمية، بيروت)

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ جن کو سلام کرنا منع ہے ان کو شمار کراتے ہوئے لکھتے ہیں:”جو کھانا کھار ہا ہو اسے سلام نہ کرے۔“ (فتاویٰ رضویہ، جلد:22، صفحہ:378، رضا فاؤنڈیشن دعوت اسلامی)

صدر الشریعہ مُفتی محمد اَمجد علی اعظَمی  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ لکھتے ہیں:”لوگ کھانا کھارہے ہوں اس وقت کوئی آیا تو سلام نہ کرے، ہاں اگر یہ بھوکا ہے اور جانتا ہے کہ اسے وہ لوگ کھانے میں شریک کرلیں گے تو سلام کرلے۔ یہ اس وقت ہے کہ کھانے والے کے مونھ میں لقمہ ہے اور وہ چبا رہا ہے کہ اس وقت وہ جواب دینے سے عاجز ہے اور ابھی کھانے کے لیے بیٹھا ہی ہے یا کھا چکا ہے تو سلام کرسکتا ہے کہ اب وہ عاجز نہیں۔“ (بہارِ شریعت، جلد:3، حصہ:16، صفحہ:461، مجلس المدينة العملية دعوت اسلامی)

والله تعالیٰ اعلم بالصواب

از قلم: محمد اویس العطاری المصباحی 

----------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------------


حضرت میِّت کے گھر کا کھانا کیسا ہے ? اس مسئلہ کو پڑھنے کے لیے 

👉یہاں کلک کریں 👈 



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.