شاہ ولی اللہ محدث د ہلوی رحمۃ اللہ علیہ: عقائد، تصوف اور علمی و عملی خدمات
از قلم: محمد کونین صدیقی کٹیہاری
----------------------------------------------
برصغیر ہند و پاک کی علمی و دینی تاریخ میں حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کو علومِ اسلامیہ کا مجدد اور مفکرِ وقت مانا جاتا ہے، جن کی حیاتِ مبارکہ میں عقائد کی اصلاح، تصوف کی تجدید اور علمی تحریکات کا منفرد مقام ہے۔
نام و نسب:
شاہ احمد ولی اللہ دہلوی بن شاہ عبد الرحیم دہلوی رحمہما اللہ ٤ شوال ۱۱١٤ھ مطابق ۱۷۰۳ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، خاندان علم و تقویٰ میں مشہور تھا۔ والد محترم حضرت شاہ عبد الرحیم دہلوی رحمہ اللہ فتاویٰ عالمگیری کے جلیل القدر مرتبین میں شامل تھے۔
ابتدائی تعلیم:
ابتدائی تعلیم والد بزرگوار اور دہلی کے نامور علما سے فقہ، اصولِ فقہ، حدیث، تفسیر، منطق، فلسفہ اور دیگر اسلامی علوم میں مہارت حاصل کی۔ مدرسہ رحیمیہ کو علمی مرکز بنایا گیا جہاں ہزاروں طلبہ علومِ دینیہ سے فیض یاب ہوئے، جسے برطانوی حکومت نے منہدم کر دیا۔
:حرمین شریفین کا سفر
۱۱٤۳ھ میں حرمین طیبین کا سفر اختیار کیا، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے جید محدّثین و مشائخ سے اکتسابِ فیض کیا، شیخ ابو طاہر مدنی رحمہ اللہ جیسے اکابر سے حدیث کی اجازت حاصل کی، اس سفر نے فکری وسعت کو عالمی سطح پر پھیلایا۔
:عقائد
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کا عقیدہ اہل سنت والجماعت کے مطابق تھا اور فقہی مسلک حنفی رہا۔
اصول عقائد میں اہل السنۃ کے مسلمات پر کامل یقین رکھا۔
تصادمِ فرقہ واریت کی شدت کم کرنے اور باہمی احترام کی فضا قائم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
عقائد میں تقلیدِ ائمہ پر زور دیا لیکن ضرورتِ اجتہاد کو بھی واضح کیا، فلسفہ و کلام کے بعض پہلوؤں کو سہل انداز میں بیان کیا تاکہ عام مسلمان کو عقائد کی پیچیدگیوں سے بچایا جا سکے۔
تصوف اور خلافت:
شاہ ولی اللہ دہلوی رحمہ اللّٰہ سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ سے وابستہ رہے، شیخ طریقت حضرت نور محمد بدایونی رحمہ اللہ سے بیعت و خلافت حاصل کی، تصوف کو کتاب و سنت کی اصل روح کے ساتھ جوڑا۔
لطائف القدس اور القول الجمیل جیسے رسائل میں تصوف کی اصل بنیاد نفس کا تزکیہ اور باطنی صفائی بتائی گئی، تصوف میں غیر شرعی رسمیات، خرافات اور بدعات کی پرزور مخالفت کی گئی۔
شریعت اور طریقت کو الگ خانوں میں بانٹنے کے بجائے دونوں کو لازم و ملزوم قرار دیا گیا۔
روحانیت کے عملی نمونہ میں کثرتِ ذکر، ریاضتِ نفس اور اتباعِ سنت پر زور دیا گیا۔
علمی و عملی خدمات
تعلیم و تدریس:
مدرسہ رحیمیہ کو مرکزِ علم بنایا گیا، ہزاروں طلبہ کو علومِ دینیہ میں مہارت دی گئی، یہ مدرسہ برصغیر کے مدارس کا علمی سر چشمہ ثابت ہوا۔
تصنیف و تالیف:
متعدد علمی ذخائر تیار کیے گئے جن میں:
حجۃ اللہ البالغہ: فلسفہ شریعت پر شاہکار۔
الانصاف فی بیان سبب الاختلاف: فقہی اختلافات کی علمی توجیہ۔
ازالة الخفاء عن خلافة الخلفاء: خلافتِ راشدہ کی عظمت پر دفاعی دستاویز۔
فتح الرحمن بترجمۃ القرآن: اردو زبان میں قرآن کا پہلا سلیس ترجمہ۔
اصلاحی تحریک:
فقہی مسالک میں شدت کو کم کرنے کی کوشش کی، عوام میں دین کی حکمتوں کو آسان زبان میں بیان کیا۔
سیاسی حالات کا تجزیہ کیا اور مسلمانوں کو اخلاقی زوال سے نکالنے کے لیے رہنمائی کی۔
علما کو اجتہاد کی ضرورت یاد دلائی اور جمود کو توڑنے کی بات کی۔
فلسفیانہ افکار:
وحدت الوجود اور وحدت الشہود جیسے فلسفیانہ مباحث پر اعتدال پسندانہ موقف اختیار کیا۔
تصوف اور فلسفہ کو شریعت کی روشنی میں بیان کیا تاکہ امت گمراہی سے محفوظ رہے۔
وفات:
۱۱۷٦ھ (۱۷٦۲ء) کو یہ علم کا شمع بھی بجھ گیا دہلی میں وفات پائی اور مزار دہلی ہی میں مرجع خلائق ہے۔

