بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

خوش آمدید

Sada e Qalb
The voice of our heart
آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے
Sada e Qalb
The Voice of our heart

Sada E Qalb

صداۓ قلب
✦ مؤسس: محمد کونین الصدیقی المصباحی ✦
کسی اچھی اور معیاری تحریر کا مطالعہ انسان سے انسانیت تک کا ایک مکمل سفر ہے، ذوقِ مطالعہ اور شوقِ تحریر انسانی فکرونظرکو معراج کی آخری سرحد تک پہنچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے،آئیں مطالعے کے اس سفر میں قدم قدم ساتھ چلتے ہیں۔

کتبِ فقہ میں بلا سند روایات: تحقیق و تخریج کا منہج


کتبِ فقہ میں بلا سند روایات: تحقیق و تخریج کا منہج


ترجمہ و ترتیب و پیشکش: ابو الحسن محمد شعیب خان


احناف کے جلیل القدر فقہاء، جو روایت و درایت دونوں کے جامع تھے، مثلاً امام سرخسی (متوفیٰ ۴۸۳ھ) اپنی کتاب المبسوط میں، امام محدث علاء الدین کاسانی (متوفیٰ ۵۸۷ھ) اپنی کتاب بدائع الصنائع میں اور شیخ الاسلام مرغینانی (متوفیٰ ۵۹۳ھ) اپنی کتاب الہدایہ میں احادیث ذکر کرتے ہیں۔ اسی طرح اکابر اصولیین، مثلاً امام دبوسی (متوفیٰ ۴۳۰ھ) اپنی کتاب تقویم الأدلہ میں اور امام بزدوی (متوفیٰ ۴۸۲ھ) اپنی کتاب کنز الوصول میں بھی احادیث نقل کرتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ سند اور ماخذ کا ذکر نہیں کرتے۔ اس صورتِ حال کے پیشِ نظر چند امور کی طرف توجہ دینا ضروری ہے۔

اول: فقہائے متاخرین کا اپنے متقدم ائمہ کی کتابوں پر اعتماد

یہ حضرات ان احادیث کو اپنے متقدم ائمہ کی کتابوں سے لیتے ہیں، جنہوں نے انہیں رسول اللہ ﷺ تک متصل سند کے ساتھ روایت کیا ہے، مثلاً امام ابو یوسف، امام محمد، خصاف اور طحاوی وغیرہ۔ یہ سب جلیل القدر حفاظ ہیں اور حدیث میں ان کی امامت معروف ہے۔

امام حافظ قاسم بن قطلوبغا نے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی ہے۔ وہ فرماتے ہیں:

إن المتقدمين من علمائنا - رحمهم الله - كانوا يملون المسائل الفقهية وأدلتها من الأحاديث النبوية بأسانيدهم: كأبي يوسف في كتاب الخراج والأمالي، ومحمد في كتاب الأصل والسير، وكذا الطحاوي، والخصاف، والرازي، والكرخي إلا في المختصرات، ثم جاء من اعتمد كتب المتقدمين وأورد الأحاديث في كتب، من غير سند ولا مخرج» (منية الألمعي، الصفحة ٩)

مفہوم: ہمارے متقدم علمائے کرام رحمہم اللہ فقہی مسائل اور ان کے دلائل کو احادیثِ نبویہ سے، اپنی اسناد کے ساتھ لکھواتے تھے۔ مثلاً امام ابو یوسف نے اپنی کتاب الخراج اور الأمالي میں، امام محمد نے کتاب الأصل اور السیر میں، اسی طرح طحاوی، خصاف، رازی اور کرخی نے بھی ایسا کیا، سوائے ان کی مختصر کتابوں کے۔ پھر بعد میں ایسے لوگ آئے جنہوں نے متقدمین کی کتابوں پر اعتماد کیا اور احادیث کو اپنی کتابوں میں سند اور ماخذ ذکر کیے بغیر نقل کیا۔

اس باب میں ان حضرات کا طریقہ امام بغوی رحمہ اللہ کے طریقے سے مشابہ ہے، جنہوں نے اپنی کتاب مصابيح السنة میں اسناد اور مآخذ کا ذکر نہیں کیا، کیونکہ انہوں نے رائج و متداول کتابوں پر اعتماد کیا تھا۔ اسی طرح ان فقہاء نے اپنے متقدم حفاظ ائمہ پر اعتماد کیا، اس لیے اسناد اور مآخذ ذکر نہیں کیے۔

دوم: فقہی احادیث کی تخریج میں اصل مآخذ کی اہمیت

جب یہ ثابت ہوگیا کہ ائمہ احناف اپنی فقہی کتابوں میں وہ احادیث ذکر کرتے ہیں جنہیں ان کے متقدمین نے روایت کیا ہے، تو یہ ضرورت واضح ہوجاتی ہے کہ ان احادیث کی تخریج بھی ان متقدمین کی کتابوں سے کی جائے۔

اگر ہم ان احادیث کو صرف رائج کتبِ حدیث سے تلاش کرنا چاہیں تو دشواری پیش آئے گی اور ممکن ہے کہ ہمیں حدیث کے وہ مخصوص الفاظ نہ ملیں؛ کیونکہ امام محمد نے اسے انہی الفاظ کے ساتھ اپنی کتاب الأصل میں روایت کیا ہوگا۔ اس صورت میں محققین کہتے ہیں:

* لم أجده بهذا اللفظ: مجھے یہ حدیث ان الفاظ کے ساتھ نہیں ملی۔
* غريب بهذا اللفظ: یہ حدیث ان الفاظ کے ساتھ غریب ہے۔

حافظ ابن قطلوبغا نے اس ضرورت کو محسوس کیا، چنانچہ انہوں نے حافظ زیلعی کی کتاب نصب الراية میں ہدایہ کی تخریج کے دوران رہ جانے والی احادیث کی تخریج کے لیے منية الألمعي لکھی۔ اسی طرح اصولِ بزدوی اور کتاب الاختيار کی احادیث کی تخریج بھی کی۔ ان کے اکثر استدراکات اور تعلیقات اسی نوعیت کے ہیں۔

اس کی چند مثالیں

(۱) حدیثِ باب الکسوف
حافظ زیلعی نے ’’باب الکسوف‘‘ کی پانچویں حدیث کے بارے میں کہا:
"غريب بهذا اللفظ" یعنی یہ حدیث ان الفاظ کے ساتھ غریب ہے۔

ابن قطلوبغا نے اس پر تعلیق کرتے ہوئے کہا:
قلت: رواه محمد بن الحسن في "الأصل" من مرسل الحسن.

یعنی امام محمد بن حسن نے اسے الأصل میں حسن بصری کی مرسل روایت کے طور پر نقل کیا ہے۔ (منية الألمعي، الصفحة ٣٢)

(۲) حدیث: «لا نكاح إلا بشهود»
اسی طرح حافظ ابن حجر نے حدیث «لا نكاح إلا بشهود» کے بارے میں فرمایا:

«لم أره بهذا اللفظ».
یعنی مجھے یہ حدیث ان الفاظ کے ساتھ نہیں ملی۔

ابن قطلوبغا نے اس پر تعلیق کرتے ہوئے کہا:
«أخرجه محمد بن الحسن في "الأصل"، بلاغًا، ووصله الخطيب».
یعنی امام محمد بن حسن نے اسے الأصل میں بلاغاً نقل کیا ہے، جبکہ خطیب بغدادی نے اسے موصولاً روایت کیا ہے۔ (تعليقاته على النصف الثاني من الدراية، الصفحة ٦١، ملحقة في آخر المنية)


(۳) حدیث: «لا قطع في الطعام»

حافظ ابن حجر نے حدیث «لا قطع في الطعام» کے متعلق فرمایا:
«لم أجده بهذا اللفظ».
یعنی مجھے یہ حدیث ان الفاظ کے ساتھ نہیں ملی۔

ابن قطلوبغا نے اس پر تعلیق کرتے ہوئے کہا:
«رواه بهذا اللفظ محمد بن الحسن في الأصل».
یعنی امام محمد بن حسن نے اسے انہی الفاظ کے ساتھ الأصل میں روایت کیا ہے۔ (تعليقاته على النصف الثاني من الدراية، الصفحة ٦٢، ملحقة في آخر المنية)

(۴) باب الظهار کی حدیث
حافظ زیلعی نے ’’باب الظهار‘‘ کی حدیث کے بارے میں کہا:
"و لم أجد ذكر الاستغفار فى شیئ من طرق الحديث".
یعنی مجھے حدیث کے کسی طریق میں استغفار کا ذکر نہیں ملا۔

ابن قطلوبغا نے اس پر تعلیق کرتے ہوئے کہا:
قلت رواه محمد بن الحسن فى كتاب الصوم فى الإملاء من مرسل طاؤس.
یعنی میں کہتا ہوں کہ امام محمد بن حسن نے اسے کتاب الصوم میں، الإملاء کے اندر طاؤس کی مرسل روایت کے طور پر نقل کیا ہے۔ (منية الألمعي، الصفحة ٤٠)

اس کے علاوہ بھی کئی مثالیں موجود ہیں، جن میں علامہ قاسم بن قطلوبغا نے امام محمد، امام ابو یوسف، امام طحاوی وغیرہ کی کتابوں سے حوالہ جات دیے ہیں اور اسی اصل متن کو پیش فرمایا ہے۔

تخریجِ احادیث میں ائمہ کے اصل مآخذ کی رعایت
اسی لیے دورِ حاضر کے مشہور محدث علامہ محمد عوامہ لکھتے ہیں:
یہاں سے تمہیں معلوم ہوگا کہ ائمہ کرام کی اپنی مخصوص اسناد ہوتی ہیں، اور یہ بھی معلوم ہوگا کہ ان کے فقہی استدلال میں پیش کی جانے والی احادیث کی تخریج انہی کتابوں سے کرنا ضروری ہے جن سے خود ائمہ نے احادیث اخذ کی ہیں، بشرطیکہ ایسا کرنا ممکن ہو۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو دوسرے محدثین کی کتابوں سے ان احادیث کی تخریج کریں۔ البتہ شرط یہ ہے کہ اس تخریج کو ان ائمہ کے خلاف فیصلہ صادر کرنے اور ان کے مذہب کی کمزوری کی دلیل بنانے کا ذریعہ نہ بنایا جائے! (أثر الحديث الشريف، صفحة ٢١٣)

سوم: متقدمین کی کتابیں مفقود ہونے کی صورت میں احادیث کا حکم
کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ متقدم عالم کی وہ کتاب، جس سے کسی متاخر عالم نے حدیث کی تخریج کی ہو، ہم تک نہیں پہنچتی اور حدیث بھی رائج و معروف کتابوں میں موجود نہیں ہوتی۔ تو ایسی صورت میں ہم اس حدیث کے بارے میں کیا حکم لگائیں گے؟ کیا ہم اسے موضوع قرار دے دیں گے؟
اسی بارے میں حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ تعالیٰ سے سوال کیا گیا۔ سوال کے الفاظ یہ ہیں:

’’ان احادیث کے بارے میں کیا فرماتے ہیں جنہیں ہمارے ائمہ، یعنی شوافع، اور ائمہ احناف فقہ کی کتابوں میں بطور دلیل پیش کرتے ہیں، حالاں کہ وہ احادیث کتبِ حدیث میں معروف نہیں ہیں؟‘‘
انہوں نے جواب دیا کہ فتنوں کے زمانے میں مشرقی ممالک میں حدیث کی بہت سی کتابیں، بلکہ اکثر کتابیں ناپید ہوگئیں۔ ممکن ہے کہ وہ احادیث انہی کتابوں میں تخریج شدہ ہوں، لیکن وہ کتابیں ہم تک نہ پہنچ سکیں۔ (أثر الحديث الشريف، شیخ عوامہ، ٢١٤)

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے اس جواب میں کس قدر تواضع اور ان فقہائے متقدمین کے سامنے کس قدر اعلیٰ درجے کا ادب ہے، جو روایت اور درایت دونوں کے جامع تھے! ہمیں بھی ایسے ہی آداب کی کتنی ضرورت ہے!

واللہ اعلم بالصواب

ماخوذ مع اضافہ از: المدخل إلى أصول الحديث على منهج الحنفية، از عبد المجيد التركماني، الصفحات ٢٣١ تا ٢٣٤، الفصل السابع۔

0 Response to "کتبِ فقہ میں بلا سند روایات: تحقیق و تخریج کا منہج"

Post a Comment

Article Top Ads

Central Ads Article 1

Middle Ads Article 2

Article Bottom Ads

-->